کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عظیم پورہ فلائی اوور کا افتتاح کرتے ہوئے اسے کراچی کے شہری انفراسٹرکچر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، شاہراہِ بھٹو، شاہراہِ فیصل اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی شریک تھے۔ وزیراعلیٰ نے فلائی اوور کو ٹریفک کے لیے کھولتے ہوئے کے ایم سی کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ منصوبہ مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا گیا، جو متعلقہ اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
1.562 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے میں 700 میٹر طویل دو رویہ فلائی اوور، مرکزی سڑکوں کی تعمیر و بحالی، نکاسیٔ آب کے نظام کی بہتری، فٹ پاتھ، اسٹریٹ لائٹس اور چورنگی کی ازسرنو تعمیر شامل ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے اور اس کے ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری شہری سہولت اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہر میں جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی اور عوام کو بہتر سفری سہولتیں مہیا کرنے کے لیے مزید ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رکھے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران کراچی میں متعدد اہم ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں اور مزید منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے سکھر۔حیدرآباد موٹروے کے لیے فنڈز مختص کرنے کا خیرمقدم کیا، تاہم کے-فور منصوبے کے لیے مطلوبہ وسائل کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ پانی کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی کی کمی ایک اہم معاملہ ہے جس کے حل کے لیے وفاقی سطح پر رابطے جاری ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت کراچی کو جدید، محفوظ اور فعال شہر بنانے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار برقرار رکھے