تازہ ترین
Home / اہم خبریں / سندھ حکومت کا بڑا اعلان: کسانوں، موٹر سائیکل سواروں کے لیے ریلیف، اربوں کی منشیات ضبط

سندھ حکومت کا بڑا اعلان: کسانوں، موٹر سائیکل سواروں کے لیے ریلیف، اربوں کی منشیات ضبط

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ جنگی صورتحال کے باعث وفاقی حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا، جس سے عوام پر اضافی بوجھ پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے پیش نظر صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر حکومت سندھ نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے 35 ارب روپے کا پیکیج متعارف کرایا ہے۔

کراچی میں صوبائی وزیر ایکسائز و نارکوٹکس کنٹرول مکیش کمار چاولہ اور ڈی جی نارکوٹکس سمینہ بھٹو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے بتایا کہ ریلیف پیکیج میں سب سے پہلے چھوٹے کسانوں کو ترجیح دی گئی ہے۔ 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے کسانوں کو فی ایکڑ 1500 روپے فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ سندھ بینک کے ذریعے رقوم کی منتقلی کا عمل شروع ہو چکا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں رجسٹرڈ 67 لاکھ موٹر سائیکل مالکان کو ماہانہ 2000 روپے سبسڈی دی جائے گی،

جبکہ جن افراد کے نام پر گاڑی رجسٹرڈ نہیں، ان کے لیے ٹرانسفر فیس معاف کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے شہریوں کو بھی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، اور سندھ اس حوالے سے ملک کا واحد صوبہ ہے۔

دوسری جانب منشیات کے خلاف بڑی کارروائی میں محکمہ ایکسائز و نارکوٹکس کنٹرول ونگ سندھ، نیول انٹیلیجنس اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے مشترکہ آپریشن کے دوران بحیرہ عرب کے راستے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی میں 500 کلوگرام کرسٹل آئس اور 3000 بوتلیں غیر ملکی وہسکی برآمد کی گئیں، جن کی مالیت اربوں روپے بتائی جا رہی ہے۔

مکیش کمار چاولہ نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی بڑی کھیپ قبضے میں لی گئی۔ اس کے علاوہ روہڑی اور جیکب آباد میں مزید کارروائیوں کے دوران 160 کلوگرام چرس بھی برآمد کی گئی اور ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کی نشاندہی کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ اس بڑی کارروائی سے منظم نیٹ ورک کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران موٹرسائیکل فیول سبسڈی پروگرام پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے بتایا کہ اب تک تین ہزار موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں، جبکہ 1500 افراد کو 2000 روپے کی پہلی قسط منتقل کی جا چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کا سسٹم سیکیورٹی خدشات کے باعث عارضی طور پر بند کیا گیا تھا، جسے اب مزید محفوظ بنا کر بحال کر دیا گیا ہے۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

اسلام آباد ایونٹ سے پاکستان کی سفارتی کامیابی واضح، عوامی ریلیف اولین ترجیح ہے۔ شرجیل انعام میمن

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے