سکرنڈ، (رپورٹ: راج کمار اوڏ) دولت پور کے قریب سنگراہہ موڑ پر قومی شاہراہ پر کار اور تیل سے بھرے ٹریلر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں ضلع کشمور کے گاؤں بڈانی کے رہائشی رحمت اللہ ولد مالہو خان، علی جان ولد عبدالمجید، دو معصوم بچوں اور دو خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ حادثے کے بعد مقامی افراد اور موٹروے پولیس نے جاں بحق افراد اور زخمی خاتون کو شاہپور جہانیاں کے سرکاری اسپتال منتقل کیا، جہاں زخمی خاتون کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے مزید علاج کے لیے نواب شاہ منتقل کردیا گیا۔
حادثے کے بعد شاہپور جہانیاں کے سرکاری اسپتال میں افسوسناک صورتحال پیدا ہوگئی۔ شہریوں نے اسپتال میں ڈاکٹروں اور ادویات کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی شاہراہ پر واقع اسپتال میں 24 گھنٹے طبی سہولیات کی فراہمی کے دعووں کے باوجود صبح کے اوقات میں صرف ایک ڈاکٹر موجود ہوتا ہے، جبکہ شام اور رات کے وقت ڈاکٹر دستیاب نہیں ہوتا، جس کے باعث حادثات کے زخمیوں سمیت دیگر مریضوں کو بروقت طبی امداد نہیں مل پاتی۔ شہریوں نے پی پی ایچ آئی انتظامیہ سے اسپتال میں ڈاکٹروں، ادویات اور دیگر ضروری سہولیات کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا۔ اطلاع ملنے پر مختلف سیاسی و سماجی رہنما بھی اسپتال پہنچ گئے، جبکہ جاں بحق افراد کے ورثاء گاؤں بڈانی سے شاہپور جہانیاں پہنچے اور لاشیں وصول کیں۔ میتیں آبائی گھروں میں پہنچنے پر کہرام مچ گیا، جاں بحق افراد کی نماز جنازہ آج اجتماعی طور پر ادا کی جائے گی۔