دبئی/ کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) بھارت نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ کا فائنل جیت لیا، مگر ٹرافی وصولی کی تقریب ایک بڑے تنازع کا شکار ہوگئی۔ بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین و وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سائقہ نے کہا کہ بھارتی ٹیم کسی بھی صورت نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کرے گی کیونکہ وہ پاکستان کی قیادت کا حصہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹرافی اور میڈلز بھارت کو ہر صورت ملنے چاہییں اور نومبر میں دبئی میں ہونے والی آئی سی سی کانفرنس میں اس واقعے پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
تقسیم انعامات میں بھارتی کھلاڑیوں نے صرف اپنے انفرادی ایوارڈز دیگر مہمانوں سے وصول کیے، جبکہ پاکستان کے کپتان سلمان آغا نے رنرز اپ کی چیک محسن نقوی سے لیا۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب کسی فاتح ٹیم کو ٹرافی سے محروم کر دیا گیا، لیکن ان کے لیے اصل ٹرافی ٹیم کے کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم پہلے ہی اس مؤقف پر ڈٹی ہوئی تھی کہ وہ محسن نقوی سے ٹرافی نہیں لے گی۔ اس سے قبل بھی بھارت نے پاکستان کے خلاف میچوں میں ہاتھ ملانے سے گریز کیا تھا۔ فائنل کے بعد تقریب میں تاخیر ہوئی اور بالآخر ٹرافی اسٹیج سے ہٹا دی گئی، جس کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے ایک فرضی ٹرافی بلند کر کے جشن منایا۔