اسلام آباد، (ویب اسپورٹس) ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم کی ناقص کارکردگی اور مالی معاملات پر غیر اطمینان بخش وضاحت کے باعث کوچ سلمان بٹ پر تاحیات پابندی عائد کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق فیڈریشن نے ارشد ندیم کی تربیت کے لیے کروڑوں روپے جاری کیے تھے، تاہم کوچ فنڈز کے اخراجات پر تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) وجاہت حسین نے کی، جس میں پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے انتخابات کو بھی غیر آئینی قرار دیتے ہوئے 31 اگست 2025 کے انتخابات کالعدم قرار دے دیے گئے۔
سابق سیکریٹری پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن حبیب شاہ پر بھی 10 سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اجلاس میں نئے انتخابات کے لیے شاہدہ خانم (سینئر نائب صدر اے ایف پی) کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی سلمان بٹ اب بطور کھلاڑی، کوچ، آفیشل یا عہدیدار کسی بھی قومی یا بین الاقوامی ایتھلیٹکس سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔