Home / اہم خبریں / امام الحق اور شان مسعود کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے پہلے دن 313 رنز بنائے

امام الحق اور شان مسعود کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے پہلے دن 313 رنز بنائے

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) پاکستانی اوپنرز امام الحق اور شان مسعود نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے ابتدائی دن مستحکم پوزیشن میں پہنچا دیا۔ دونوں کھلاڑی سنچریوں سے محروم رہے مگر ان کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے پہلے دن کے اختتام تک 313 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ دن مکمل کیا۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی پاکستانی ٹیم کو ابتدا ہی میں نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر عبداللہ شفیق محض دو رنز کے مجموعے پر کگیسو ربادا کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد امام الحق اور کپتان شان مسعود نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 161 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا۔

امام الحق، جو دسمبر 2023 کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہوئے، نے اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی آٹھویں نصف سنچری مکمل کی۔ شان مسعود نے بھی اپنے 44 ویں ٹیسٹ اور قذافی اسٹیڈیم میں پہلے میچ میں پُر اعتماد کھیل پیش کیا۔ وہ پرینلن سبریئن کی گیند پر 76 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، جب کہ امام الحق سینوران مٹھوسامی کے ہاتھوں 93 رنز پر پویلین لوٹے۔

چائے کے وقفے سے قبل سعود شکیل پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے، جس سے پاکستان نے تین وکٹیں تیزی سے گنوائیں۔ وقفے کے بعد بابر اعظم بھی سائمن ہارمر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، جس سے پاکستان دباؤ میں آگیا۔ تاہم محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 114 رنز جوڑ کر اننگز کو مستحکم کیا۔

دن کے اختتام پر محمد رضوان 62 رنز (107 گیندوں، دو چوکے، دو چھکے) اور سلمان علی آغا 52 رنز (83 گیندوں، دو چوکے، ایک چھکا) کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سینوران مٹھوسامی دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں بولر رہے، جبکہ سائمن ہارمر، پرینلن سبریئن اور کگیسو ربادا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

کراچی ورلڈ بک فیئر 2025 میں 325 سے زائد اسٹالز، پانچ لاکھ سے زائد زائرین کی متوقع آمد

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) کراچی ورلڈ بک فیئر (کے ڈبلیو بی ایف) کی منیجنگ کمیٹی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے