فیصل آباد، (اسپورٹس رپورٹر) ابرار احمد کی تباہ کن بولنگ اور صائم ایوب کی شاندار نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر تین ون ڈے میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے فیصلہ کن میچ میں قومی ٹیم نے 144 رنز کا ہدف صرف 25.1 اوورز میں حاصل کر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی بطور ون ڈے کپتان پہلی سیریز میں یادگار کامیابی حاصل کی۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 72 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ کوئنٹن ڈی کوک نے 53 اور لوہان ڈرے پریٹوریئس نے 39 رنز بنائے، تاہم سلمان علی آغا نے دونوں اوپنرز کو آؤٹ کر کے پاکستان کو واپسی کا موقع دیا۔ محمد نواز اور ابرار احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے مڈل آرڈر کو سنبھلنے نہ دیا اور پوری ٹیم کو 37.5 اوورز میں صرف 143 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 27 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں، جب کہ محمد نواز، سلمان آغا اور شاہین شاہ آفریدی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کے بیٹرز ڈی کوک کے آؤٹ ہونے کے بعد سنبھل نہ سکے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے گئے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنر صائم ایوب نے 70 گیندوں پر 77 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے بابراعظم (27) کے ساتھ 64 اور محمد رضوان (ناٹ آؤٹ 32) کے ساتھ 65 رنز کی شراکت قائم کی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے نانڈرے برگر اور بیورن فورٹین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے 24.5 اوورز قبل ہدف مکمل کر کے سیریز 2-1 سے جیت لی۔