Home / اہم خبریں / اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے ایرانی اسپیکر کے اعزاز میں عشائیہ، پارلیمانی تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے ایرانی اسپیکر کے اعزاز میں عشائیہ، پارلیمانی تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق

کراچی، (اسٹاف رپورٹر) اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے ایران کی اسلامی مجلسِ شوریٰ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ عشائیے میں ڈپٹی اسپیکر انتھونی نوید، صوبائی وزیر قانون و داخلہ ضیاء الحسن لنجار، وزراء ریاض حسین شاہ شیرازی، سید ناصر حسین شاہ، سید ذوالفقار شاہ، ڈاکٹر شام سندر ایڈوانی، گیان چند اسرانی، اراکینِ اسمبلی، سرکاری افسران اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان صدیوں پر محیط مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک نہ صرف ہمسایہ بلکہ حقیقی بھائی ہیں جنہیں باہمی احترام، دوستی اور مشترکہ اقدار نے جوڑ رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک تھا، جو ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔

ایرانی اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا دورہ ان کے لیے باعثِ فخر ہے، جہاں انہیں محبت، خلوص اور مہمان نوازی کی مثال ملی۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان مسلم اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں جو علاقائی امن، ترقی اور تعاون کو فروغ دیتا ہے۔ ڈاکٹر قالیباف نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو تجارت، اقتصادی تعلقات اور علاقائی استحکام کے لیے باہمی کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔

تقریب کے اختتام پر اسپیکر اویس قادر شاہ نے ایرانی اسپیکر کو سندھ اسمبلی کی یادگاری شیلڈ، روایتی سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی۔ ڈپٹی اسپیکر انتھونی نوید اور وزراء ضیاء الحسن لنجار، سید ناصر حسین شاہ اور سید ذوالفقار شاہ نے بھی ایرانی وفد کے اراکین کو سندھی اجرک اور ٹوپیاں بطور تحفہ پیش کیں۔

تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستی، ثقافتی رشتوں اور پارلیمانی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

قلندرز کی دھماکہ خیز فتح، زلمی کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اہم مقابلے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے