کراچی، (اسٹاف رپورٹر ) سول جج جنوبی زاہد علی نے سوشل میڈیا پر کراچی پریس کلب کا وقار مجروح کرنے اور بے بنیاد من گھڑت جھوٹے الزامات لگانے والے عارف خان کا دائر دعویٰ ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ عدالت کے پاس عارف خان نامی صحافی کی رکنیت بحال کرنے کا کوئی دائرہ اختیار نہیں ہے۔ لہذا عارف خان عدالت میں آنے سے قبل جنرل کونسل اجلاس میں اپنی اپیل دائر کرے۔ فاضل عدالت میں درخواست گزار عارف خان کے وکیل عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے جبکہ کراچی پریس کلب کی جانب سے کیس کی پیروی کرنے والے سینئر وکلاء حیدر امام ایڈووکیٹ اور احسن امام ایڈووکیٹ نے تمام کاغذی کارروائی کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے اپنے دلائل میں کہا کہ عارف خان نامی شخص نے کراچی پریس کلب کا نہ صرف تقدس پامال کیا ہے بلکہ جمہوریت سمیت ججز کی بحالی و عدلیہ کی آزادی ، آزادی اظہار رائے کے لئے جدوجہد ، معاشرے میں ہر مظلوم و بے کس کی توانا آواز بننے کی شاندار تاریخ رکھنے والا کراچی پریس کلب کے مقدم فورم کو بھی بائی پاس کیا ہے ، احسن امام ایڈووکیٹ نے مزید اپنے دلائل میں کہا کہ 28 مئی 2024 کو عارف خان کی رکنیت منسوخ کی گئی اور 19 مئی 2024 کو کراچی پریس کلب نے اس فیصلے سے تحریری طور پر عارف خان کو آگاہ کیا جس کا ریکارڈ فاضل عدالت میں جمع کروا دیا گیا ہے تاہم عارف خان نے رکنیت منسوخی کا تحریری خط وصول کرنے سے انکار کیا اس کے بعد کراچی پریس کلب نے انہیں بذریعہ وٹس ایپ پر بھی آگاہ کیا جس کا ثبوت فاضل جج کے سامنے پیش کر دیا ہے تمام کارروائی کراچی پریس کلب کے آئین کے مطابق انجام دی گئی ہے، احسن امام ایڈووکیٹ نے فاضل عدالت کو مزید بتایا کہ درخواست گزار نے دائر سوٹ کیس میں عدالت سے بھی حقائق چھپائے ہیں کہ ان کے خلاف انضباطی کارروائی 2024 سے عمل میں لائی گئی حالانکہ عارف خان کے خلاف انضباطی کارروائی 2023 میں شروع کی گئی تھی جس پر انہوں نے تحریری طور پر غیر مشروط معافی مانگی اور آئندہ جھوٹی من گھڑت بے بنیاد خبریں نہ چلانے کی یقین دہانی بھی کروائی ، ان تمام معافی نامے اور یقین دہانیوں کی نقول بھی فاضل عدالت میں جمع کرائی جا چکی ہیں لہذا فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ دائر دعویٰ کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کیا جائے۔ فاضل جج زاہد علی نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل عدالت کو مطئمن کرنے میں ناکام رہے ہیں اور یہ کہ عارف خان کو کراچی پریس کلب کے فیصلے سے اتفاق نہیں ہے تو درخواست گزار پہلے اس فیصلے سے متعلق متعلقہ فورم پر رجوع کرے بصورت دیگر حق دعویٰ دائرہ کرنا قبل از وقت ہے۔ لہذا درخواست گزار کا حق دعویٰ خارج کیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ عارف خان نامی صحافی کی جانب سے سے سوشل میڈیا پر بات بار من گھڑت اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے کراچی پریس کلب کا وقار اور ساکھ مجروح کرنے پر کراچی پریس کلب نے تنبیہ کی تھی اور شوکاز جاری کیا تھا جس پر عارف خان نے تحریری طور پر نہ صرف غیر مشروط معافی مانگی بلکہ آئندہ بغیر تصدیق من گھڑت بے بنیاد اور جھوٹی خبروں کی نشر و اشاعت نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی جس پر کراچی پریس کلب نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی رکنیت بحال کر دی تھی تاہم اس کے باوجود عارف خان سے اپنی روش باز نہ آئے اور پھر سے سوشل میڈیا پر کراچی پریس کلب کے خلاف بے بنیاد من گھڑت جھوٹا پروپیگنڈہ کرنا شروع کر دیا جس پر اس کی بنیادی رکنیت کو گورننگ باڈی نے متفقہ طور پر منسوخ کر دیا۔ فاضل جج نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کے تصدیق شدہ آئین کے مطابق کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کو اپنے کسی بھی رکن کی رکنیت معطل یا منسوخ کرنے کا مکمل اختیار ہے اور یہ بھی کہ متعلقہ رکن کو اپیل دائر کرنے کا حق بھی حاصل ہے اور اس کی رکنیت کی معطلی یا برطرفی کے خلاف کراچی پریس کلب کی جنرل کونسل کے لئے 15 دن کے اندر اندر اپیل دائر کرنی ہوگی۔ مدعی کے وکیل نے اپنے مدعی اور دعا میں دعویٰ کیا کہ کراچی پریس کلب نے اپنے سیکریٹری کے ذریعے کراچی پریس کلب کی رکنیت کو زبانی طور پر حکم دیا اور منسوخ کیا اس لیے اس حکم کو کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے تاہم مدعا علیہ کے وکیل نے حکمنامہ مورخہ 29 مئی 2024 کا تحریری نوٹس پیش کیا کہ مدعی کی رکنیت کی کراچی پریس کلب کے وقار مجروح کرنے کے خلاف منسوخ کر دی گئی ہے۔ فاضل عدالت نے مزید یہ کہا اس عدالت کا کوئی دائرہ اختیار نہیں ہے کہ وہ مدعی کو دوبارہ کراچی پریس کلب کا ممبر بنائے کیونکہ کراچی پریس کلب کا آئین پہلے ہی کے آئین جنرل کونسل کا مناسب فورم فراہم کر چکا ہے اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال سے یہ ظاہر ہے کہ عارف خان نے ابھی تک مناسب فورم سے رجوع نہیں کیا اور براہ راست اس عدالت میں آکر اپنی رکنیت کی بحالی کے لئے درخواست کی۔ کارروائی کے دوران مدعا علیہ کے وکیل نے حکم نامے کی کاپی پیش کی جس کے ذریعے مدعی کی پریس کلب کی رکنیت منسوخ کر دی گئی۔ مندرجہ بالا حقائق اور حالات کے پیش نظر فوری دیوانی مقدمہ خارج کیا جاتا ہے۔ تاہم درخواست گزار کو کراچی پریس کلب کے حکم کے خلاف مناسب فورم سے رجوع کرنے کی آزادی ہے۔
Home / پاکستان / کراچی پریس کلب کا وقار مجروح کرنے والے عارف خان کا حق دعویٰ عدالت نے مسترد کر دیا،عدالت نے کراچی پریس کلب کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے عارف خان کی رکنیت بحال کرنے کی استدعا مسترد کر دی