لاڈرہلڈ، (ویب،اسپورٹس) پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ سینٹرل براورڈ ریجنل پارک اسٹیڈیم، لاڈرہلڈ میں کھیلے گئے میچ میں اسپنر محمد نواز نے ایک ہی اوور میں تین وکٹیں لے کر میچ کا رخ موڑ دیا اور پاکستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 178 رنز بنائے۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر صائم ایوب نے شاندار 57 رنز کی اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ انہوں نے فخر زمان کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 81 رنز جوڑے۔ فخر نے 28 رنز بنائے جبکہ حسن نواز نے 24 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کے شمر جوزف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 30 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے 72 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ ڈیبیو کرنے والے جیول اینڈریو اور جانسن چارلس نے بالترتیب 35، 35 رنز بنائے۔ لیکن 12ویں اوور میں محمد نواز نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے پانچ گیندوں میں تین وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پہلے اینڈریو کو آؤٹ کرکے شراکت توڑی، پھر اگلی ہی گیندوں پر چارلس اور موٹی کو پویلین بھیجا۔ نواز نے 4 اوورز میں 23 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
صائم ایوب نے بھی بولنگ میں اپنا جادو دکھایا اور ویسٹ انڈین کپتان شائی ہوپ کو صرف 2 رنز پر آؤٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر (30*، 12 گیندیں، 4 چھکے) اور شمر جوزف (21*، 12 گیندیں) نے اختتامی اوورز میں بھرپور مزاحمت کی مگر ٹیم 164 رنز پر محدود رہی اور 14 رنز سے میچ ہار گئی۔ صائم کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔