کراچی, ( رپورٹ، ذیشان حسین) سید مراد علی شاہ نے ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سے اہم ملاقات اور بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا اور غریب عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں انٹرا سٹی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹرز، صوبائی وزراء اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت کا اولین مقصد مشکل حالات میں عوام کو سہولت دینا ہے، اس لیے پیٹرول اور پبلک ٹرانسپورٹ پر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ روٹ پرمٹ پر چلنے والی بسوں، منی بسوں، کوچز اور چھوٹے شہروں میں چلنے والی سوزوکی سروس کے مسافروں کو بھی ریلیف دیا جائے گا جبکہ انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کے لیے مہنگے ڈیزل کا بوجھ سندھ حکومت برداشت کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر فیول کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو حکومت ٹرانسپورٹرز کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی تاکہ عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔
اس موقع پر ٹرانسپورٹرز نے حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر حاجی تواب اور دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر فیول قیمتوں میں اضافے کے باوجود وہ عوامی مفاد میں کرایے نہیں بڑھائیں گے۔ انٹر سٹی ٹرانسپورٹر ملک شبر نے کہا کہ حالیہ کرایہ اضافہ عوام برداشت نہیں کر سکتی، اس لیے حکومت کی جانب سے سبسڈی فراہم کرنا نہایت اہم قدم ہے۔