کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں عوامی تھیٹر فیسٹیول 2026ء کے حوالے سے پریس کانفرنس منعقد ہوئی جس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے بتایا کہ فیسٹیول کا آغاز 22 جنوری سے ہوگا اور 25 روز تک جاری رہتے ہوئے 15 فروری تک اے سی آڈیٹوریم میں پیش کیا جائے گا۔ فیسٹیول میں اردو، پنجابی، میمنی، بلوچی، سرائیکی اور سندھی زبانوں میں 30 تھیٹر پیش کیے جائیں گے، تھیٹر روزانہ رات 8 بجے ہوگا جبکہ ہفتہ اور اتوار کو دو شو پیش کیے جائیں گے، اس موقع پر نائب صدر منور سعید، ڈرامہ کمیٹی کے چیئرمین شہزاد رضا نقوی اور سیکریٹری اعجاز فاروقی بھی موجود تھے۔
محمد احمد شاہ نے کہا کہ عوامی تھیٹر فیسٹیول کا مقصد عوام کو باوقار اور مفت تفریح فراہم کرنا ہے، آرٹس کونسل میں تخلیق کی مکمل آزادی ہے تاہم مجرے اور امتیازی مواد کو اداکاری کے نام پر پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ایسا تھیٹر پیش کیا جائے گا جسے فیملیز بلا جھجھک دیکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل نہ صرف کراچی بلکہ سندھ بھر میں ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے، فیسٹیول میں نامور ہدایت کاروں اور فنکاروں کے ڈرامے پیش کیے جائیں گے تاکہ عوام کو معیاری اور مثبت تفریح میسر آ سکے۔