پشاور (رپورٹ: اصغر شاہ) خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، محکمہ امور نوجوانوں خیبرپختونخوا اور نیشنل یوتھ اسمبلی کے باہمی اشتراک سے منعقد نیشنل یوتھ لیڈر شپ کانفرنس 2021 اختتام پذیر ہو گئی۔ اختتامی روز صوبائی وزیر انڈسٹری عبدالکریم خان مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت، محکمہ سیاحت، ثقافت، امور نوجوانان اور خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی صوبہ میں سیاحت اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی سے صوبے میں روزگار کے مواقع میسر ہونگے اور نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو انڈسٹری کے فروغ کیلئے آگے آنا چاہیے تاکہ یہ صنعت فروغ پا سکے۔ تین روزہ یوتھ لیڈر شپ کانفرنس میں ملک بھر سے 50 سے زائد نوجوانان نیشنل یوتھ اسمبلی سے شریک تھے جن میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر نوجوانوں نے گلیات کے حسین مقامات کی سیر و تفریح کیساتھ ساتھ ان کا دورہ بھی کیا۔ اس سے قبل کانفرنس میں نوجوان شرکاء نے ایبٹ آباد میں موجود ٹورسٹ انفارمیشن سنٹر کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں ہزارہ ڈویژن پر سیاحتی مقامات، سیاحوں کیلئے کئے جانے والے اقدامات، انفارمیشن سنٹر کی خصوصیات اور یہاں سے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔