Home / اسلام آباد / شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یوم شہدائے پولیس کو عقیدت اور احترام کے ساتھ منانا ہم سب پر لازم ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید

شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یوم شہدائے پولیس کو عقیدت اور احترام کے ساتھ منانا ہم سب پر لازم ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) یوم شہدائے پولیس کے موقع نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے شہداء اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے موٹر وے پولیس لائنز ہیڈ کواٹر اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، پارلیمانی سیکرٹری میاں محمد شفیق، سیکرٹری مواصلات ظفر حسن، انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، ڈاکٹر سید کلیم امام، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس ہیڈ کواٹرز خالد محمود، ڈی آئی جی موٹر ویز اشفاق احمد خان، ڈی آئی جی نارتھ زون وصال فخرسلطان، ڈی آئی جی (آپریشنز) ڈاکٹر مظہر الحق کاکا خیل، ڈی آئی جی ہیڈ کواٹرز اصغر علی، اے آئی جی سلمان علی خان، اے آئی جی عتیق طاہر، اے آئی جی فضل حامد، شہداء کے ورثاء پولیس افسران، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب سے قبل وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کی درجات کے بلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔ تقریب کے شرکاء سے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، سیکرٹری مواصلات ظفر حسن اور انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے خطاب کیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ یوم شہداء پولیس کے موقع پر پوری قوم اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس جوانوں کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ شہداء کی قربانیاں سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہیں۔ یوم شہدائے پولیس کو عقیدت اور احترام کے ساتھ منانا ہم سب پر لازم ہیں۔ پاک فوج اور پولیس کے شہداء ہمارے ہیرو ہیں۔ بلاشبہ شہداء ہمارا قابل فخر اثاثہ ہیں۔ جنہوں نے وطن پر اپنی جانو ں کے نذرانے پیش کرکے جرأت اور بہادری کا عملی نمونہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ مشکل حالات کے باوجود نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس اپنے فرائض بہترین طریقے سے سر انجام دے رہی ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کو جدید آلات سے لیس کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ پاک فوج اور پولیس ملک دشمن عناصر کا بھر پور طریقے سے مقابلہ کر رہی ہے۔ شہداء کے قربانیوں کے باعث ملک میں امن اور سیاحت کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ سیکرٹری مواصلات ظفر حسن نے کہا کہ مسلح افواج اور پولیس کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور شہید ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ان افسران کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے جام شہادت نوش کرکے محکمہ کا نام سربلند کیا۔ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ایثار اور قربانی کی تاریخ رقم کی ہے۔ آج کے دن شہدائے پولیس کے لواحقین کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے لخت جگر وطن پر قربان کئے۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس کے قیام سے لے کر تاحال 44 افسران نے جام شہادت نوش کیا ہے۔ جس میں ایک خاتون آفیسر بھی شامل ہیں۔ سلام ان شہداء کو جنہوں نے اپنے آج کو ہمارے کل کیلئے قربان کر دیا۔ ان شہیدوں کے عظیم خاندانوں کو سلام جن کے سپوت وطن عزیز پاکستان کو محفوظ رکھنے اور امن و امان کو قائم رکھنے کے لئے قربان ہوگئے۔ خراج تحسین ان شہیدوں کو جو پاکستان کے طول و عرض پر پھیلی شاہراؤں کو محفوظ بناتے ہوئے شہید ہوگئے۔ ناصرف آج کا دن بلکہ ہر دن شہداء کی قربانیوں کی یاد دلاتا رہے گا۔ شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس شہداء کے ورثاء کی فلاح و بہود کے لئے ہر وقت کوشاں ہے۔ شہداء ہمارے محسن ہیں اور شہداء نے اپنے خون سے اس محکمے کا نام روشن کیا ہے۔ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہیں۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کا ادارہ بھی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے شہداء اور انکے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی بالا دستی کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ پولیس ہماری حفاظت اور قانون کی بالادستی کیلئے ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، وفاقی سیکرٹری مواصلات ظفر حسن اور انسپکٹر جنرل ڈاکٹر سید کلیم امام نے شہداء کے ورثاء اور لواحقین کو تحائف پیش کئے۔ تقریب کے اختتام پر گرین پاکستان مہم کی مناسبت سے موٹر وے پولیس لائینز ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے احاطے میں پودے بھی لگائے گئے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، شان مسعود قیادت کریں گے

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے