امن و امان کے قیام میں پولیس، رینجرز اور بزنس کمیونٹی کا کردار قابل تحسین ہے۔ سلیم الزماں صدر کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری
کورنگی میں امن و امان کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے۔ ایس ایس پی شاہجہاں خان کا کاٹی میں خطاب کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی میں بڑے جرائم پر قابو پالیا گیا ہے، امن و امان کے قیام میں پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بزنس کمیونٹی کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔ شہر میں امن و امان کے قیام سے لے کر موجودہ کورونا صورتحال تک تمام مواقع پر پولیس کا کردار مثالی رہا۔ پولیس نے ہر مشکل وقت میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ہمیں اپنی پولیس پر بجا طور پر فخر ہے پولیس شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلیم الزماں نے نئے تعینات ہونے والے ایس ایس پی کورنگی شاہجہاں خان کے اعزاز میں منعقدہ ظہرانے سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کورنگی عرفان سلام ، ایس ایس پی ٹریفک لطیف صدیقی، ڈی ایس پی ٹریفک ملک اختر، سینئر نائب صدر ذکی احمد شریف، نائب صدر نگہت اعوان، کاٹی کے سابق صدور و چیئرمین سید جوہر قندھاری، مسعود نقی، شیخ فضل جلیل، ایس ایم یحیٰی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ کاٹی کے صدر سلیم الزماں نے نئے تعینات ہونے والے ایس ایس پی کورنگی شاہجہاں خان کو کورنگی صنعتی علاقے کی معاشی اہمیت اور پیداواری صلاحیت سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کورنگی میں بہترین افسران تعینات کیے گئے ہیں جو پوری فرض شناسی اور خوش اسلوبی سے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ صدر کاٹی نے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے شاہجہاں خان اپنی نئی ذمہ داریاں نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی شاہجہاں خان نے کہا کہ پولیس تاجر برادری کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کی معاشی ترقی کیلئے بزنس کمیونٹی کو ہر طرح کا تحفظ فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر و صنعتکار ملک کی معیشت کو پروان چڑھانے میں نہایت اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس شہر کی ترقی اور امن و امان کے قیام میں پولیس ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ شاہجہاں خان نے کہا کہ کاٹی نے ہمیشہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون اور معاونت فراہم کی ہے۔ کورنگی میں امن و امان قائم کرنے میں درپیش تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے، اس ضمن میں امید ہے کہ کورنگی میں فرائض کی انجام دہی میں کاٹی کے تعاون سے ضلع کورنگی کو جرائم سے پاک کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ اس موقع پر کائیٹ کے سی ای او زبیر چھایا نے ایس ایس پی شاہجہاں خان کو مان و امان سے متعلق کورنگی صنعتی علاقے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے سے اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے متوقع بارش کی جانب متعلقہ حکام بالا کی توجہ مبزول کراتے ہوئے کہا کہ شدید بارشوں کے پیش نظر انتظامیہ جلد نالوں کی صفائی کا کام مکمل کرے تاکہ بارش کے دوران پانی کی نکاسی کے عمل میں کوئی خلل واقع نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس آئندہ ہونے والی بارشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کورنگی صنعتی علاقوں میں ٹریفک کی روانی جاری رکھنے کے لئے مربوط حکمت عملی مرتب کرے تاکہ پچھلے سالوں کی طرح بدترین ٹریفک جام کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کاٹی کی لاء اینڈ آرڈر کمیٹی کے چیئرمین دانش خان نے کہا کہ کاٹی اور ایس ایس پی آفس کے درمیان بہترین روابط ہیں جس کے باعث کاٹی کے ممبران اور پولیس میں اعتماد کی فضا قائم ہے، صنعتکار کورنگی میں پولیس کے کردار پر ان کے معترف ہیں۔