کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوویڈ 19 لاک ڈاؤن کے پیش نظر مقامی کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہونے کے سبب مشکلات کا شکار فرسٹ کلاس کرکٹرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ ان غیر معمولی اور مشکل حالات میں معاشی سرگرمیوں کو دھچکہ لگا ہے لہٰذا پی سی بی اپنے موجودہ مالی سال کے لیے مختص کردہ رقم کے کچھ حصے میں سے فرسٹ کلاس کرکٹرز کے ساتھ ساتھ میچ آفیشلز، اسکوررز اور گراؤنڈ اسٹاف کی امداد کرے گا۔ محدود فنڈز کی دستیابی اور صرف مستحق امیدواروں کی امداد کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے درخواست گزاروں کے لیے قوائد وضوابط تیار کیے ہیں، جومندرجہ ذیل ہے، ایسےفرسٹ کلاس کرکٹرز جنہوں نے سیزن 2018-19 میں شرکت کی ہو اور 2014-15 تا 2018-19 پر مشتمل گذشتہ پانچ سیزنز میں کم از کم 15 فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہوں، ایسے میچ آفیشلز اور اسکوررز جنہوں نے گذشتہ دو سیزنز میں پی سی بی کے زیراہتمام منعقدہ ایونٹس میں فرائض انجام دئیے ہوں، ایسے گراؤنڈ اسٹاف جو یکم جنوری 2013 کے پہلےسے ریجنل/ ضلعی کرکٹ ایسوسی ایشنز (فی الوقت غیر فعال) کے ملازم رہ چکے ہوں (مدت ملازمت تقریباََ 8 سال درکار)، درج بالا قوائد و ضوابط پر پورا اترنے والے افراد کے پاس فی الحال کوئی روزگار نہ ہو، قوائد و ضوابط پر پورا اترنے والے فرسٹ کلاس کرکٹرز 25 ہزار، میچ آفیشلز 15 ہزار جبکہ اسکوررز اور گراؤنڈ اسٹاف 10، 10 ہزار روپے وصول کریں گے۔ اس یک مدتی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند افراد 4 مئی بروز پیر تا 14 مئی بروز جمعرات تک پی سی بی سے
welfarefund@pcb.com.pk
پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں پی سی بی اپنے کرکٹرز اور کوچز کے ذریعے بھی اہلیت کے معیار پر پورا اترنے والے افراد سے رابطے کی کوشش کرے گا۔ اس تناظر میں پی سی بی کو عیدالفطر سے قبل مستحق افراد کو فنڈز جاری کرنے کے لیے مناسب وقت بھی مل جائے گا۔ پی سی بی یقین دلانا چاہتا ہے کہ درخواست دہندگان کی رازداری کا احترام اور تمام افراد کی شناخت کو صیغہ راز میں رکھتے ہوئے اس یک وقتی اسکیم سے مستفید افراد کے نام اور تعداد کو ظاہر نہیں کیا جائے گا۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ پی سی بی کو احساس ہے کہ اپنے اسٹیک ہولڈرز کا خیال رکھنا اس کی ذمہ داری ہے، لہٰذا یہ ضروری ہے کہ لاک ڈاؤن کے دنوں میں ہم اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے رہیں اور عیدالفطر کی آمد کے موقع پر ان کی امداد کریں۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ کھلاڑیوں، میچ آفیشلز، اسکوررز اور گراؤنڈ اسٹاف کی امداد کے لیے یہی صحیح وقت ہے۔ احسان مانی نے کہا کہ ان حالات میں اپنے کرکٹرز کا آگے آنا اور اپنے قیمتی سامان کو خیراتی اداروں کے ذریعے نیلام کرتا دیکھ کر بہت اچھا لگا۔ انہوں نے کہا کہ یقین ہے کئی کھلاڑی انفرادی حیثیت میں بھی عطیات دے رہے ہیں، میں شاہد آفریدی، اظہر علی اور رومان رئیس کی تعریف کرنا چاہتا ہوں جو اس مقصد میں سب سے نمایاں رہے۔ اس سے قبل پی سی بی وزیراعظم کوویڈ 19 ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ روپے سے زائد رقم عطیہ کرچکا ہے، جس میں سے آدھی رقم سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ مینز اور ویمنز کرکٹرز کے علاوہ بورڈ ملازمین نے دی تھی۔ مارچ میں پی سی بی، کراچی میں موجود حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کو ایکسپو سنٹر میں قائم کردہ ہسپتال میں کام کرنے والے پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے عارضی قیام گاہ میں تبدیل کرچکا ہے۔ ڈومیسٹک پلیئرز ویلفیئر فنڈ کے ذریعے مالی امداد کے حصول کے لیے درخواست دینے کاطریقہ کار:
درخواست گزار
welfare@pcb.com.pk
پر ای میل کر کے درخواست فارم حاصل کرسکتا ہے، تمام ضروری معلومات کی فراہمی کے ساتھ مکمل فارم 14 مئی 2020 سے پہلے جمع کرانا ہوگا جن کے پاس ای میل کی سہولت نہیں وہ 03034445879 پر واٹس ایپ کے ذریعے فارم حاصل کرسکتے ہیں، پی سی بی کی وزیراعظم ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ روپے سے زائد رقم عطیہ کرنے سے متعلق پریس ریلیز یہاں موجود ہے۔ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کو پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے عارضی قیام گاہ میں بدلنے سے متعلق پریس ریلیز یہاں موجود ہے۔
![]()
یہ بھی پڑھیں، نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں: کورونا وائرس کے خدشات و خطرات سے قوم کے مسیحا ڈاکٹرز اپنی جانوں کو خطروں کے حوالے کرکے برسر پیکار ہیں۔ ایم ایس تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جام پور
https://www.nopnewstv.com/doctors-are-figh…g-the-dangers-of/