کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور اور پاکستان قومی اتحاد کے جنرل سیکریٹری سہیل یعقوب نے کہا ہے کہ ناظم جوکھیو کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ ظالم اور کرپٹ وڈیروں کی غلامی سے آزادی کا وقت قریب ہے۔ ناظم جوکھیو کے بھائی اور اس کی فیملی کی جرات اور حوصلوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ظلم کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی اور پاکستان قومی اتحاد ناظم شہید کی فیملی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ناظم کے خون کا انصاف ملنے تک ہر قدم پر بھرپور قانونی مدد بھی کریں گے اور پُر امن احتجاج میں بھی ساتھ دینے کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔ اسمبلیوں میں ڈاکو بیٹھے ہوئے ہیں جو فرعون بن کر سندھ کے عوام کو اپنی ملکیت سمجھتے ہیں۔ عوام متحد ہو کران کے خلاف کھڑے ہوجائیں تو ان کی فرعونیت ریت کی دیوار کی طرح ڈھے جائے گی۔ سندھی ہمارے بھائی ہیں، جنہیں ظالم وڈیروں نے صدیوں سے اپنے ظلم کا نشانہ بنایا ہوا ہے۔ مل کو کوشش کریں اور ظالموں کے شکنجے سے باہر آجائیں تو ان شاء اللہ سندھ ترقی کرے گا۔ ورنہ یہ تمام ظالم عوام کو ظلم کی چکی میں اسی طرح پیستے رہیں گے۔ آج ناظم کو ناحق مارا گیا ہے، کل کسی اور کا نمبر آئے گا۔ ظلم کا لامتناہی سلسلہ ہے جسے روکنا اب وقت کی ضرورت ہے۔ ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور اور پاکستان قومی اتحاد کے جنرل سیکریٹری سہیل یعقوب پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی کے نمائندوں کے ہاتھوں مارے جانے والے ملیر کے بے گناہ نوجوان ناظم جوکھیو کی فیملی سے تعزیت کر رہے تھے۔ انہوں نے ناظم کے بھائی افضل جوکھیو کو انصاف کے حصول میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ پاسبان اور پاکستان قومی اتحاد کے رہنماؤں نے کہا کہ مقامی آبادی نے جس طرح ناظم کا ساتھ دیا ہے، وہ قابل ستائش ہے۔ ظلم کے دن گنے جا چکے ہیں۔ حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کا قول ہے کہ "ریاست کفر کے ساتھ تو رہ سکتی ہے ظلم کے ساتھ نہیں رہ سکتی”۔ اس ریاست میں ظلم آگیا ہے۔ ہماری حکومت اسے ریاست مدینہ کہہ کر نہ خود کو دھوکہ دے اور نہ عوام کو۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب ظلم کے خلاف اکھٹے ہوجائیں اور اس کے شکنجے سے رہائی پانے کے لئے بھرپور آواز بلند کریں، اپنے حقوق حاصل کریں۔ ناظم کو، اس کی بیوہ اور فیملی کو انصاف ملنا چاہئیے۔ یہ، حکومت پاکستان خصوصا سندھ کی حکومت کے لئے ٹیسٹ کیس ہے۔ عوام کی عدالت ان سے اس خون ناحق کا جواب ضرور طلب کرے گی۔