Home/اہم خبریں/کریسنٹ ٹرسٹ پسماندہ طبقات کے لئے پہلی دفعہ کالج ایجوکیشن کا آغاز اپنے نئے محراب پور تعلیمی کمپلیکس سے کرے گا۔ سی ای او جی سی ٹی زاہد سعید
کریسنٹ ٹرسٹ پسماندہ طبقات کے لئے پہلی دفعہ کالج ایجوکیشن کا آغاز اپنے نئے محراب پور تعلیمی کمپلیکس سے کرے گا۔ سی ای او جی سی ٹی زاہد سعید
کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کریسنٹ ٹرسٹ پسماندہ طبقات کے لئے پہلی دفعہ کالج ایجوکیشن کا آغاز اپنے نئے محراب پور تعلیمی کمپلیکس سے کرے گا۔ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی جی سی ٹی کے نئے تعلیمی کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ تعلیم کے شعبے میں کام کرنے والا ایک بڑا غیر منافع بخش ادارہ گرین کریسنٹ ٹرسٹ محراب پور میں اپنے نئے تعلیمی کمپلیکس پر کام کا آغاز کر رہا ہے۔ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی بروز اتوار 20 جون 2021ء کو کراچی سے 370 کلو میٹر کی مسافت پر محراب پور میں جی سی ٹی کے نئے تعلیمی کمپلیکس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ جی سی ٹی کے سندھ کے پسماندہ علاقوں میں 150 فلاحی اسکول ہیں، جن میں 29000 سے زائد بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جن کا تعلق محروم طبقات سے ہے، اس نئے ایجوکیشن کمپلیکس کے ذریعے جی سی ٹی پہلی دفعہ محروم طبقات کے بچوں کے لیے کالج ایجوکیشن کی فراہمی کا آغاز کرے گا۔ ضلع نوشہرو فیروز کے علاقے محراب پور میں جی سی ٹی نے اپنے تعلیمی کام کا آغاز 27 برس قبل کیا، اب وہاں جی سی ٹی کے دس اسکول ہیں جس میں تقریباً 2500 طالب علم تعلیم حاصل کر رہے ہیں، نیا کمپلیکس اپنی تعمیر مکمل ہونے کے بعد کلاس پریپ سے 12 ویں جماعت تک 2500 مزید طالب علموں کو تعلیم فراہم کرے گا۔ بحیثیت مجموعی جی سی ٹی گزشتہ 27 برس سے سندھ بھر میں میٹرک تک تعلیم فراہم کررہا ہے۔ اس سلسلے میں سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے جی سی ٹی کے سی ای او زاہد سعید سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کراچی سے سیکڑوں میل کی مسافت طے کرکے اس تقریب میں ضرور شرکت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تقریب میں شرکت کے ذریعے وہ جی سی ٹی جیسے غیر سرکاری اداروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں جو کہ صوبے میں ناخواندگی کے خاتمے کیلیے حکومت کے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں۔ جی سی ٹی کے سربراہ زاہد سعید کا کہنا تھا کہ نئے تعلیمی پروجکیٹ کی تعمیر پر تقریباً 100 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔ اس کی تعمیر تقریباً ایک سال میں مکمل ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس پروجیکٹ کو بنانے کے لیے ہمیں ایک مخیر ڈونر کا تعاون حاصل ہے جنہوں نے اپنا نام بھی صیغہ راز میں رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے جی سی ٹی کے تمام ڈونرز کا شکریہ ادا کیا جن کی بدولت وہ پچھلے 27 برس سے سندھ میں محروم طبقات کے بچوں کیلیے تعلیم کی فراہمی کا مشن بغیر کس تعطل کے جاری رکھے ہوئے ہیں۔