تازہ ترین
Home / اہم خبریں / تانیہ خاصخیلی قتل کیس:عدالت نے ملزمان کی چھ لاکھ کی ضمانت منسوخ کر کے گرفتاری کے احکامات جاری کر دیئے

تانیہ خاصخیلی قتل کیس:عدالت نے ملزمان کی چھ لاکھ کی ضمانت منسوخ کر کے گرفتاری کے احکامات جاری کر دیئے

حیدر آباد (بیورو رپورٹ) جامشورو ماڈل کورٹ میں ہونے والے تانیہ خاصخیلی کے المناک قتل کیس کی سماعت کے موقعہ پر جسٹس ڈاکٹر اورنگزیب نے کیس کے مرکزی ملزمان میں سے گرفتار ملزم علی نوحانی اور مفرور ملزم مولا بخش نوحانی کی ضمانت منسوخ کر کے چھ لاکھ روپے کے کاغذات ضمانت بحق سرکار ضبط کر لیئے ہیں۔ پولیس کو حکم دیا ہے کہ مفرور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ اس موقعہ پر مدعی کے وکیل ایڈووکیٹ صمد خاصخیلی، پاسبان حیدرآباد کے صدر ارشد آرائیں اور مقتولہ تانیہ خاصخیلی کی والدہ بھی موجود تھیں۔ واضح رہے کہ کیس کے ملزمان میں سے ایک ملزم مولا بخش نوحانی ضمانت کے بعد چار سالوں سے مفرور ہے اور کسی بھی پیشی پر عدالت میں پیش نہیں ہوا جس پر جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اگلی پیشی پر ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ اس موقعہ پر پاسبان حیدرآباد کے صدر ارشد آرائیں نے کہا کہ سندھ میں بھیڑیوں اور درندہ صفت وڈیروں کا راج ہے جو عوام کو اپنی رعایا سمجھتے ہیں۔ پاسبان نے تانیہ فیملی کا ساتھ دینے کا جو فیصلہ کیا تھا اس پر آج بھی قائم ہے۔ سندھ کی بیٹیوں کے قاتلوں کو سزا نہ ملنا اور اس معاملے میں وزیر اعلی سندھ کی عدم دلچسپی شرمناک ہے۔ ایک عام مقامی باشندے کے ساتھ جو ظلم و ستم روا رکھا جاتا ہے اسے دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے ہم انگریزوں کی غلامی کے بعد وڈیروں کی غلامی میں آگئے ہیں۔ تانیہ خاصخیلی کی فیملی چارسالوں سے انصاف کی بھیک مانگ رہی ہے اور قاتل وڈیروں کی دھمکیوں کی وجہ سے اپنا گھر چھوڑ کر دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔ ہر بار عدالت میں پیشی پر ظالم اور قاتل وڈیروں کی جانب سے کیس واپس لینے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ تانیہ قتل کیس میں آج جاری کیا جانے والا فیصلہ بے گناہ کو انصاف کی فراہمی اور مظلوموں کے حق میں بہت خوش آئند ہے۔ اس موقعہ پر تانیہ خاصخیلی کی والدہ نے پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چار سال گذر جانے کے باوجود بھی اگر ہم اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں تو اس میں بڑا ہاتھ الطاف شکور بھائی کا ہے جن کی مدد سے یہ کیس آج بھی چل رہا ہے، ورنہ ملزمان کے اہل خانہ ہر پیشی پر ہمیں جان سے مارنے اور مقدمے سے دستبرداری کے لئے دباؤ ڈالتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہیں۔ میں اور میرے اہل خانہ الطاف شکور بھائی کے بیحد شکر گذار ہیں جن کی وجہ سے ہمیشہ ہمارا حوصلہ بڑھا ہے۔ آج عدالت نے بھی ملزمان کی ضمانت منسوخ کر کے ملزموں کی گرفتاری کا حکم جاری کیا ہے۔ واضح رہے کہ سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کے انتخابی حلقہ ضلع دادو کے علاقے جھانگارا میں 7 ستمبرکومقامی بااثر افراد میں سے ایک ڈاکو اور مجرمانہ پس منظر کے حامل خانو نوحانی نے محنت کش اور غریب خاندان کی بیٹی، میٹرک کی طالبہ تانیہ خاصخیلی کو رشتے سے انکار کرنے پر اغوا کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر اسے گھر والوں کے سامنے سفاکی سے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ جھانگارا پولیس قتل کے بعد ایف آئی آر درج کرنے سے انکاری تھی۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی مظلوم تانیہ فیملی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے۔ انصاف کی فراہمی اور مکمل داد رسی تک اس خاندان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

سندھ کابینہ کا اجلاس کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم فیصلے

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے