کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان اور چیئرمین کامیاب جوان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ جلد کامیاب خاتون کے نام سے بھی پروگرام شروع کر رہے ہیں۔ ذہین طالبات کو اسکالر شپ کے ساتھ بیرون ملک بھی بھیجیں گے، جناح یونیورسٹی کی طالبات بہت با صلاحیت ہیں وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کے لیے 100 ارب رکھا ہے، پاکستان میں سب سے زیادہ شعور رکھنے والی یوتھ ہے۔ بیس لاکھ یوتھ 237 یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں، عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ جامعات سے فارغ التحصیل طالب علم ملکی ترقی کا حصہ بنیں نوجوانوں کےکاروبار اور ملکی ترقی کے لیے ائیڈیاز کو سپورٹ کریں گےانہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین صرف بیوٹی پارلر نہیں آئی ٹی کے شعبے میں بھی پیش پیش ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ خواتین آگے بڑھیں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔ میری خواہش ہے کہ جناح یونیورسٹی کی طالبات پاکستان کی پانچ سو خواتین میں شامل ہیں۔
جناح یونیورسٹی برائے خواتین میں کمپیوٹر سائنس اینڈ سافٹ ویئر انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے تحت کے ٹیک کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں فائنل ائیر کی طالبات نے اپنے پروجیکٹس پیش کیے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان اور چیئرمین کامیاب جوان عثمان ڈار خصوصی نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر چانسلر جناح یونیورسٹی برائے خواتین وجیہ الدین احمد اور وائس چانسلر ڈاکٹر نعیم فاروقی اور اقرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر وسیم قاضی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ عثمان ڈار مختلف پروجیکٹس کو انتہائی دلچسپی سے دیکھا طالبات سے ان کے پروجیکٹس سے متعلق معلومات لیں۔ اور ان کے ایپس کو اہم اور معاشرے کے لیے مفید قرار دیا۔ جناح یونیورسٹی برائے خواتین کے چانسلر وجیہ الدین احمد کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ طالبات کو بہترین ماحول میں اعلی تعلیم دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بہتری اور علم کے فروغ کے لیے کامیاب جوان ایک بہترین منصوبہ ہے جس کے ذریعے برسر روزگار ہوکر ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کریں گے۔