کراچی/ خانپور مہر (رپورٹ: ذیشان حسین) وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی میر بنگل خان مہر نے کہا ہے کہ دہائیوں تک کہا جاتا تھا کہ سندھ کے کھلاڑی نااہل ہیں مگر شاہنواز ڈھانی اور زاہد محمود نے ثابت کیا ہے کہ اگر انصاف ہو تو وہ کسی سے کم نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں میڈیا اور مختلف وفود سے بات کرتے ہوئے کیا۔ میر بنگل خان مہر کا کہنا تھا کہ کراچی اور حیدرآباد کے سوا باقی سندھ کے کھلاڑیوں میں احساس محرومی تھا کہ کیونکہ 73 برسوں میں ایک بھی لڑکا باقی ڈویژنوں اور ڈسٹرکٹس سے قومی ٹیم کا حصہ نہیں بنا تھا۔ مزید ان کا کہنا تھا کہ قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کی موجودگی میں شاہنواز ڈھانی کا بولر آف دا ٹورنامنٹ بننا ٹیلنٹڈ ہونے کا واضح ثبوت ہے، مزید ان کا کہنا تھا کہ زاہد محمود کے لیئے پی ایس ایل کا یہ سیزن زیادہ مؤثر ثابت نہیں ہوا لیکن وہ بھی ٹیلنٹڈ پلیئر ہیں، سخت محنت کرکے وہ امیدوں پر پورے اتریں گے، بنگل خان مہر کا کہنا تھا کہ ہم پی سی بی اور فرنچائز انتظامیہ کے شکر گذار ہیں جنہوں نے لڑکوں کو ٹیلنٹ دکھانے کا موقعہ دیا، ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد دونوں پلیئرز کے لیئے سندھ گورنمنٹ کے اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تقریب منعقد کی جائے گی۔