Home / اہم خبریں / سردی کے آتے ہی خشک میوہ جات کی خرید و فروخت میں بھی اضافہ، نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے

سردی کے آتے ہی خشک میوہ جات کی خرید و فروخت میں بھی اضافہ، نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) موسم سرما کی آمد کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان اور گرد و نواح میں خشک میوہ جات کی خرید و فروخت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے اور جگہ جگہ ڈرائی فروٹس کی دکانیں، پھٹے ، ریڑھیاں سج گئی ہیں جن کے ساتھ ساتھ خشک میوہ جات کی قیمتیں بھی آسمانوں کو چھونے لگی ہیں مگر کسی قسم کا چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے پر ڈرائی فروٹ شاپس مالکان شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے ہیں جس پر شہریوں نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے حکام سے فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں نے ایک سروے کے دوران بتایا کہ ڈیرہ اور نواحی علاقوں میں مونگ پھلی 350 روپے سے 550 روپے فی کلو ، چلغوزے 4 ہزار روپے سے 5 ہزار روپے فی کلو، بادام 15 سو روپے سے 17 سو روپے فی کلو ، کاجو 2ہزار روپے سے 3ہزار روپے فی کلو ، کاغذی اخروٹ 700 روپے سے 1200 روپے فی کلو ، پستہ 2 ہزار روپے سے 25 سو روپے فی کلو، کشمش 700 روپے سے ایک ہزار روپے فی کلو اور ریوڑی 400 روپے سے 600 روپے فی کلو گرام فروخت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی دکان پر کوئی نرخ نامہ آویزاں نہیں اور زیادہ تر پٹھان ڈرائی فروٹس کا کاروبار کر رہے ہیں جنہوں نے منہ مانگے نرخ وصول کرنا شروع کر رکھے ہیں۔ دوسری جانب ذرائع نے بتایاکہ خشک میوہ جات کی عالمی مارکیٹ کی طلب تقریباً 9 لاکھ 50 ہزار ٹن سالانہ ہے جبکہ پاکستان سے 8 ہزار ٹن خشک میوہ جات برآمد کئے جاتے ہیں جن سے سالانہ 50 ملین ڈالر کا زر مبادلہ کمایا جاتا ہے۔انہوںنے بتایاکہ خشک میوہ جات کی عالمی مارکیٹ کے سالانہ کاروبار کا حجم 25 ارب ڈالر ہے۔انہوںنے بتایاکہ صرف ضلع سوات میں خشک میوہ جات کی پیداوار 71265 ٹن ہے مگر جدید سہولیات اور پراسیسنگ یونٹس کی عدم دستیابی و کمی کے باعث ہر سال تقریباً 28 ہزار ٹن پھل اور خشک میوہ جات خراب ہو جاتے ہیں۔انہوںنے بتایاکہ اگر حکومت مناسب سہولیات فراہم کرے اور افغانستان و ایران سے خشک میوہ جات کی سمگلنگ روک دی جائے تو ملکی خشک میوہ جات کی پیداوار میں نہ صرف اضافہ بلکہ یہ خشک میوہ جات شہریوں کو سستے داموں بھی دستیاب ہو سکتے ہیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

وینزویلا میں زلزلہ اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ کا جانی نقصان پر اظہارِ افسوس

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے وینزویلا میں آنے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے