کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) فواد چودھری کے بیان پر سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ردعمل دیتے ہوۓ کہا کہ پی ٹی آئی نے جو ملک اور عوام کی حالت کی ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ آپکی نااہل حکومت نے حقیقت میں عوام کی چینخیں نکلوا دی ہیں۔ پیپلز پارٹی محب وطن جماعت ہے جس نے ملک اور جمہوریت کے لئے اپنی قیادت کی قربانیاں دیں۔ فواد چودھری حب الوطنی کا درس کسی اور کو دیں۔ سندھ کے لئے سلیکٹیڈ حکومت کی منافقانہ اور غیر منصفانہ پالیسیاں یہاں کی عوام اچھی طرح جانتے ہیں آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے خلاف بات کرکے فواد چودھری کی نوکری پکی نہیں ہونی۔ آپکی نااہل حکومت جھوٹ اور یوٹرن کے سہارے کھڑی ہے۔ سندھ کا پانی کسی اور نے نہیں وفاق اور پنجاب نے روکا۔ سندھ میں بدین، ٹھٹھہ، عمر کوٹ، جامشورو، گھارو اور دیگر علاقوں کی زمینیں آپ نے بنجر کیں۔ لاکھوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں آپکی نااہل حکومت کی غیر منصفانہ پالیسیوں کی بھینٹ چڑھائی گئیں۔ نفرت کی سیاست کرکے شیرو بریگیڈ ملکی عوام کو تقسیم کررہے ہیں۔ فواد چودھری کو لوٹائے اعظم کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ جناب نے ملک کی کوئی پارٹی نہیں چھوڑی جسکی کرائے کی ترجمانی نہ کی ہو۔