اسلام آباد (بیورو رپورٹ) قومی ہیرو محمد علی سدپارہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے پاک فوج قراقرم کی بلندیوں پر پہنچ گئی۔ قومی ہیرو علی سد پارہ کے بیٹے ساجد علی سدپارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ علی سدپارہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پاک فوج قراقرم کی بلندیوں پر پہنچی، میں کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریا (ایف سی این اے) میجر جنرل جواد احمد کا مشکور ہوں جو کے ٹو بیس کیمپ پر ہمیں ملنے کے لیے پہنچے اور قومی ہیرو کو خراج تحسین پیش کیا۔ ساجد علی سدپارہ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان آرمی ہمارا فخر ہے۔ آخر میں انہوں نے مشن سدپارہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔ پاکستان کے مایہ ناز ہیرو علی سدپارہ کے جسد خاکی کو دنیا کی بلند ترین چوٹی کے ٹو پر امانتاً دفن کر دیا گیا ہے۔ اس کی تصدیق مرحوم کوہ پیما کے بیٹے نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے کی۔ ساجد سدپارہ نے کہا کہ میں نے اپنے والد کی میت کو کے ٹو کیمپ فور میں اس جگہ برف میں عارضی طور پر دفنا دیا ہے تاکہ باڈی ایوالانچ وغیرہ سے محفوظ رہ سکے۔