میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) یوم شہداۓ پولیس کے موقع پر ڈی آئی جی میرپورخاص رینج کی جانب سے شہداءِ کی قبروں پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی، اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ جبکہ میرپورخاص رینج پولیس کے زیر اہتمام شہداۓ پولیس کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک پولیس کومپلیکس سے یادگار شہداء تک نکالی گئی، واک میں ڈی آئی جی میرپورخاص ذوالفقار علی مہر، ایس ایس پی میرپورخاص فیصل بشیر میمن سمیت میرپورخاص رینج کے پولیس افسران، شہداۓ پولیس کے اہل خانہ و ورثاء، علماء، تاجران، سول سوسائٹی کے رہنماؤں و نمائندگان، صحافی رہنما، وکلا برادی، ڈاکٹرز اور مختلف سماجی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی، واک کے اختتام پر ڈسٹرکٹ پولیس میرپورخاص کی جانب سے شہداء کو گارڈ آف آنز پیش کیا گیا، جس کے بعد ڈی آئی جی میرپورخاص رینج اور ایس ایس پی میرپورخاص کی جانب سے یادگار پر پھول چڑھائے گئے، اور فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ میرپورخاص رینج کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز کی مساجد میں قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا۔ جس کے بعد ڈی آئی جی میرپورخاص ذوالفقار علی مہر نے ایس ایس پی میرپورخاص کے ہمراہ شہداۓ سندھ پولیس کے گھروں کا دورہ کیا، اور ورثاء و اہلخانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن منانے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ، اپنے شہیدوں کے ورثاء و لواحقین کو یہ باور کرایا جائے کہ، ہم ان کے ساتھہ کندھا ملائے کھڑے ہیں، جس کے بعد ڈی آئی جی میرپورخاص اور ایس ایس پی میرپورخاص کی جانب سے شہداء کے ورثاء میں تحائف تقسیم کئے گئے۔ بعد ازاں یوم شہداءِ کے موقع پر ڈی آئی جی میرپورخاص ذوالفقار علی مہر نے اپنے پیغام میں کہا کہ، آج کا دن یوم شہداءِ کے طور پر پورے ملک میں منایا جارہا ہے، اس دن کے کچھہ مقاصد ہیں جو کہ ان کے ورثاء کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم انہیں بھولے نہیں ہیں، جبکہ ہم نے جرائم پیشہ عناصر کو بھی یہ پیغام دینا ہے کہ، ہم ان کی بیخ کنی کے لئے اُسی ولولے کے ساتھہ میدان میں موجود ہیں، جس ولولے اور بہادری کے ساتھہ ہمارے شہید ساتھیوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ آج کا دن ہمیں سندھ پولیس کے ان بہادر جوانوں اور جانبازوں کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے اپنی جانیں عوام کی جان و مال کے دفاع کی نذر کر دیں، اور اپنے لہو سے ایثار و قربانی کی تابندہ تاریخ رقم کی۔ قوم کے کل کی خاطر اپنا آج قربان کردینے والے یہ "عظیم فرزند” ہمارے محسن ہیں، ان شہیدوں کا مقدس لہو ہمیشہ سندھ پولیس کے جوانوں و افسروں کے دلوں میں جرائم کے خاتمے اور عوام کی جاں و مال کے دفاع کے عزم کو زندہ رکھے گا، انشااللہ شہداء کے اہل خانہ کی دیکھہ بھال ہمیشہ ہماری ترجیح رہے گی، ہمارے شہداءِ ہمارا فخر ہیں، سندھ پولیس شہداۓ پولیس کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔