کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) وزیر اطلاعات و محنت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی کی زیر صدارت کراچی ڈویژن کے عہدیداروں کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، تمام ڈسٹرکٹ کے صدور، پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ، یوتھ، پی ایس ایف، پیپلز ڈاکٹرز فورم، لائرز فورم کے صدور بھی شریک ہیں۔ اجلاس میں 27 فروری سے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کراچی سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں تمام ڈسٹرکٹ اور ذیلی ونگز کے صدور نے لانگ مارچ کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں، لانگ مارچ میں ہزاروں کی تعداد میں جانے والے کارکنان اور گاڑیوں کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔
وزیر اطلاعات و محنت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا کہ لانگ مارچ کے لئے کراچی سے ہزاروں کارکنان اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ اسلام آباد روانہ ہوں گے۔ یہ لانگ مارچ ایک ایسی تحریک ثابت ہوگی جو اس ملک کی نئی تاریخ رقم کرے گی۔ پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا کہ موجودہ نااہل، نالائق اور سلیکٹیڈ نام نہاد عمرانی حکومت کے خاتمہ کیلئے یہ مارچ سنگ میل ثابت ہوگا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری نے کہا کہ آج اس ملک کے 22 کروڑ عوام اس نااہل حکومت کے ہاتھوں یرغمال بن چکیں ہیں۔ اجلاس کے آخر میں سعید غنی نے کہا کہ 27 فروری کا لانگ مارچ اس سلیکٹیڈ اور نالائق حکومت کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔