کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام چار روزہ ”چودھویں عالمی اردو کانفرنس2021ئ“ کی افتتاحی تقریب جمعرات 9 دسمبر 2021 ساڑھے تین بجے سہ پہر آڈیٹوریم میں ہوگی جس کا افتتاح وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کریں گے۔ جبکہ بیرونِ ممالک سے اردو کانفرنس میں کینیڈا سے شاہدہ حسن، امریکا سے تسنیم عابدی، لندن سے عامر حسین، شارجہ سے ثروت زہرا، ہندوستان سے ابوصفہیان اصلاحی، یوکے سے مہ جبیں غزل شرکت کریں گے۔ ہندوستان سے معرو ف ادیب و شاعر آن لائن کانفرنس کا حصہ ہوں گے جن میں گلزار صاحب، گوپی چند نارنگ، منظر بھوپالی، فرحت احساس، خوش بیر سنگھ شاد، رنجیت سنگھ چوہان اور انیس اشفاق بھی کانفرنس میں آن لائن شریک ہوںگے، واضح رہے کہ اس سال آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے تین کتابیں شائع کیں جن میں جاوید صدیقی کی کتاب مٹھی بھر کہانیاں، ڈاکٹر فاطمہ حسن کی کتاب ”اردو شاعرات اور نسائی شعور“ سو برس کا سفر (1920-2020) اور اردو عالمی کانفرنس کتاب کی چھٹی جلد جس میں سال 2020 کی مکمل رودادشامل ہے۔ان تین کتابوں کی رونمائی بھی کی جائے گی۔