تازہ ترین
Home / اہم خبریں / صنعتیں بند ہوئیں تو لاکھوں شہری بیروزگار ہوجائیں گے، صنعتکاروں کو بجلی، پانی و گیس کی سپلائی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ اقبال ہاشمی

صنعتیں بند ہوئیں تو لاکھوں شہری بیروزگار ہوجائیں گے، صنعتکاروں کو بجلی، پانی و گیس کی سپلائی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ اقبال ہاشمی

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ صنعتکاروں کو پانی کی سپلائی بند کرنا کراچی کو معاشی طور پر تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ صنعتیں بند ہوئیں تو لاکھوں شہری بیروزگار ہوجائیں گے۔ زبانی جمع خرچ سے قومیں ترقی نہیں کرتیں۔ صنعتی ترقی اور بیرونی سرمایہ کاری کا رخ صنعتوں کی طرف کرنے کے لئے حکومت کار آمد پالیسی بنائے۔ بجلی، گیس اور پانی کے بحران کے باعث صنعتکاروں نے اپنی صنعتیں فروخت کرنا اور بیرون ملک منتقل کرنا شروع کر دی ہیں۔ صنعتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ پی ٹی آئی حکومت کی غلط اور ناقص پالیسیاں ملک کو برباد کر رہی ہیں۔ کراچی کے صنعتکاروں نے کچھ عرصہ پہلے بھی امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث فیکٹریاں فروخت کر کے سرمایہ بیرون ملک منتقل کرنا شروع کردیا تھا۔ اب پیپلز پارٹی کی بیڈ گورننس اور پی ٹی آئی کی خراب معاشی پالیسیوں کے سبب صنعتکار انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوئے ہیں۔ ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والا اور ملک کا معاشی حب کراچی ہے، یہاں کی صنعتیں بند ہوئیں تو ملک کیسے چلے گا؟ حکومت صنعتوں کی فروخت، بند کئے جانے اور بیرون ملک منتقلی کا معاملہ سنجیدگی سے لے ورنہ برآمدات کا حصول اور معیشت خطرے میں پڑ جائے گی۔ کراچی کے مسائل کا حل اسے چارٹرڈ سٹی کا آئینی درجہ دینے میں ہی ہے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں معروف تاجر لیڈر ایس ایم منیر کی لیدر فیکٹری بند کرنے کے فیصلے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ کراچی کے شہریوں کو سرکاری نوکریاں ملتی نہیں ہیں، اب حکومت صنعتوں میں کام کرنے والے ملازمین کو بھی بے روزگار کر رہی ہے۔ یکے بعد دیگرے مختلف صنعتوں کا بند ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ پی پی پی حکومت نے کراچی کو تباہ و برباد کرنے کی ٹھان لی ہے اسی لئے بجلی، گیس اور پانی مافیاؤں کے خلاف کوئی ٹھوس اور عملی اقدامات نہیں اٹھائے جاتے۔ مزدوروں کے سروں پر منڈلاتے بیروزگاری کے سائے گہرے ہو رہے ہیں۔ صنعتکاروں تاجروں میں مایوسی اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں،ان کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے انہیں فری ہینڈ دیا جائے۔ عوام کے لئے بڑی تعداد میں ملازمتیں صنعتی سیکٹر کے ذریعہ ہی ممکن ہیں۔ بے جا پابندیاں ختم کرکے انہیں ہر ممکن سہولیات مہیا کی جائیں تاکہ صنعتکار سرمایہ کاری اور صنعتیں بیرون ملک منتقل کرنے کے بجائے ملک میں آزادانہ کام کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں۔ مقامی صنعتوں کو بجلی، پانی اور گیس ارزاں قیمتوں پر دہلیز پر مہیا کی جائیں۔ عمران خان اور ان کی ٹیم پاکستان کی مربوط معاشی ترقی پر توجہ دیں۔ صنعتکاروں کو بجلی، پانی اور گیس ارزاں قیمتوں پر فراہم کرنے کی پالیسی اختیار کی جائے۔ صنعتکار و تاجر ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ معیشت کے استحکام اور معاشی ترقی کے لئے ضرورت موجودہ معاشی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے کی ہے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

کمالیہ شہر کے اندر پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کو ختم کیا جائے

    ملازمین نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نام تحریری درخواست دے دی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے