مانسہرہ (رپورٹ: عتیق سلیمانی) ڈی پی او مانسہرہ آصف بہادر (پی ایس پی) کے زیر اہتمام ڈی پی او آفس مانسہرہ میں ضلع مانسہرہ کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ایس پی مانسہرہ جمیل اختر اور ڈسٹرکٹ سیکورٹی انچارج فیصل خان نے بھی شرکت کی۔ ڈی پی او مانسہرہ نے تمام شرکاء کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا۔ میٹنگ کے دوران مانسہرہ پولیس کی جانب سے ضلع بھر کے جلوس و مجالس کی سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے علماء کو آگاہ کیا گیا اور ان کے مسائل و سفارشات سنی گئیں۔ ڈی پی او مانسہرہ نے شرکاء سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کی میٹنگ کا بنیادی مقصد محرم الحرام کے لئے کئے گئے سیکورٹی انتظامات سے آپ کو آگاہ کرنا اور آپ کی جائز سفارشات کو سننا ہے۔ ماہ محرم الحرام ہمارے لئے مقدس مہینہ ہے۔ جس کے پرامن انعقاد کے لئے پچھلے سالوں کی نسبت اس سال سیکورٹی کے مزید موثر انتظامات عمل میں لائیں جائیں گئے۔ علماء اکرام کو بتایا گیا کہ وہ اپنی تقاریر کے دوران امن اور بھائی چارے کے درس کو فروغ دیں۔ کوئی بھی ایسی تقریر ہرگز نہ کریں جسکی وجہ سے اشتعال پیدا ہو اور ضلع کا امن خراب ہونے کا خدشہ ہو۔انکا مزید کہنا تھا کہ میرے دفتر کے دروازے آپ کے مسائل کو سننے کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔ آپ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لئے مقامی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ آپ کے تحفظ کیلئے ہر ممکنہ اقدامات عمل میں لائے جائیں گئے۔ علماء اکرام نے مقامی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔