ٹنڈو آدم (نوپ نیوز) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ٹنڈو آدم ضلع سانگھڑ کے صدر سلطان خاصخیلی، سندھ کے نائب صدر سلیم چیمہ اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں آئے روز بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے۔ عوام دو وقت کی روٹی کے لئے بھی پریشان ہوگئی ہے۔ غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ تبدیلی سرکار کی جانب سے عوام کے ساتھ کیا جانے والا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ مہنگائی عروج پر ہے حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے خوشنما اعلانات کے باوجود آئے روز مہنگائی کے بم گرائے جا رہے ہیں۔ مہنگائی کی چکی میں پیس کر عوام کا تیل نکال دیا گیا ہے۔ پاسبان کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر مہنگائی پر کنٹرول کرکے عوام کو عزت سے جینے کا حق دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ضلع سانگھڑ کے صدر سلطان خاصخیلی اورسندھ کے نائب صدرسلیم چیمہ نے پاسبان کے زیر اہتمام مہنگائی و بیروزگاری کے خلاف ٹنڈو آدم پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر ان کے ہمراہ پاسبان ذمہ داران رمضان انصاری، غلام قادر ہنگورو و دیگر پاسبان ورکرز بھی موجود تھے جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر ” ہزاروں گھر، کروڑوں نوکریاں اور اربوں کے قرضے نہیں سستا آٹا، چینی، دوائیں اورپیٹرول چاہئیں ” اور” غریب عوام کو جینے دو” جیسے نعرے درج تھے۔ پاسبان رہنماؤں نے کہا کہ غربت، بیروگاری اور مہنگائی نے غریب عوام کو خودکشی کرنے پر مجبور کر دیا ہے لیکن حکمران ابھی بھی ملک کو دنیا کا سستا ترین ملک کے راگ الاپ رہے ہیں۔ ناقص پالیسیوں اور نااہل حکمرانوں نے ملک و قوم کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔