لاہور (بیورو رپورٹ) لاہور ولیمے میں فائرنگ، نامزد وزیر اسد کھوکھر کے بھائی ہلاک، ملک اسد کھوکھر کے بھائی ملک مبشر کھوکھر کو زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا، لیکن وہ جاں بر نہ ہوسکے اور دم توڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی میں نامزد صوبائی وزیر ملک اسد کھوکھر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کی تقریب کے دوران فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں مبشر ملک ہلاک اور دو اشخاص زخمی ہوگئے۔
یہ پڑھیں بھی۔
https://www.nopnewstv.com/administrator-karachi-barrister-murtaza
ملک اسد کھوکھر کے بھائی ملک مبشر کھوکھر کو زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا لیکن وہ جاں بر نہ ہوسکے اور دم توڑ گئے، دو افراد شدید زخمی میں ہسپتال لے جائے گئے۔ فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار صوبائی وزرا سمیت اعلی شخصیات بھی تقریب میں شریک تھیں۔ واقعہ کے بعد تقریب میں بھگدڑ مچ گئی، پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈیفنس کے علاقے میں ہونے والے اس وقوعے کا فورا نوٹس لے لیا اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلی میڈیا سیل سے جاری بیان ہینڈ آؤٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلی نے فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے نیز سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بھی جامع انکوائری کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی ہے کہ سکیورٹی میں غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے مزید کارروائی کی جائے اورگرفتار ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ وزیر اعلی میڈیا سیل کے مطابق فائرنگ کا واقعہ وزیر اعلی پنجاب کے نکلنے کے بعد پیش آیا جب کہ فائرنگ کرنے والے ملزم کو وزیراعلی کی سکیورٹی ٹیم نے موقع سے پکڑا ہے۔ حکومت پنجاب کی سابق ترجمان مسرت جمشید چیمہ کے مطابق وہ بھی تقریب میں موجود تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’فائرنگ کے وقت وزیراعلیٰ پنجاب تقریب میں موجود تھے۔ میں وہاں پہنچی تو ایک جیپ تیزی سے نکلی اور فائرنگ کا واقعہ پیش آگیا۔‘ ملک اسد کھوکھر فائرنگ کے واقعے میں محفوظ رہے۔ ترجمان لاہور پولیس راناعارف کے مطابق شادی کی تقریب میں فائرنگ کرنے والے دو ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ڈیفنس سی کے علاقے فیز 7 میں یہ فائرنگ کی گئی۔ پولیس ترجمان کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے جبکہ وزیر اعلیٰ میڈیا سیل کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ واضح رہے کہ ملک اسد کھوکھر کو صوبائی وزیر بنانے کا نوٹیفکیشن وزیر اعلی پنجاب نے آج بروز جمعہ جاری کیا اور انہوں نے اپنے عہدے کا حلف کل ہفتے کے روز اٹھانا ہے۔ ملک اسد کھوکھر لاہور میں پراپرٹی کا کاروبار کرتے ہیں۔ وہ عام انتخابات 2018 میں پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر لاہور سے ایم این اے کا الیکشن لڑے لیکن شکست ہوئی، اس کے بعد ضمنی الیکشن میں صوبائی نشست پر ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔
![]()