کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) وزیر اعلی سندھ کی قیادت میں صوبائی حکومت صوبہ خصوصا صنعتی علاقوں کے انفرا سٹرکچر کی بہتری کے لئے خصوصی توجہ دے رہی ہے، اس سے قبل بھی سندھ حکومت نے صنعتی علاقوں کے ڈیولپمنٹ بورڈ کے تعاون سے ترقیاتی کام کئے ہیں جس میں صنعتی ایسوسی ایشنز کو فنڈز بھی جاری کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی مزید فنڈز دینے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ حکومت اور صنعتی ایسوسی ایشنز مل کر صنعتی علاقوں کی بہتری کے لئے اپنی خدمات انجام دے سکیں۔ یہ بات صوبائی وزیر صنعت و تجارت سندھ جام اکرام دھاریجو نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر سلیم الزماں کی جانب سےکاٹی و یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کے دوران کہی۔ اس موقع پر کاٹی اور یو بی جی کے عہدیداران، کاٹی کے سابق صدور و چیئرمین، مجلس عاملہ کے اراکین، صنعتکار و دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر صنعت نے کہا کہ صنعتکاروں کی جانب سے دی جانے والی تجاویزات کا جائزہ لے کر ان کو موثر بنایا جائے گا۔ وزیر صنعت نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ نئے صنعتی ذون کے قیام کو عمل میں لائیں تاکہ انڈسٹریلائزیشن کے عمل کو فروغ حاصل ہو سکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم منیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا اب سندھ حکومت سے امید ہے کہ 15 جون کو بجٹ میں بزنس کمیونٹی اور عوام کیلئے ریلیف پیش کریں گے۔ موجودہ بجٹ مجموعی طور پر اچھا اور متوازن ہے۔ انہوں نے صدر کاٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاٹی کے صدر سلیم الزماں کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، سلیم الزماں دن رات محنت کرکے صنعتی علاقوں کے مسائل اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔ ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کاٹی کے ساتھ اشتراک سے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جی ڈی پی 4.8 کی سطح پر آجائے تو یہ معیشت کے لئے بہت بڑا کمال ہوگا۔ حال ہی میں کاٹی میں کورنگی صنعتی علاقے کے ملازمین کیلئے ویکسی نیشن کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جس سے بڑی تعداد میں صنعتی ملازمین استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔ کاٹی کے صدر سلیم الزماں کا کہنا تھا کہ ایس ایم منیر ملک کا اثاثہ ہیں، ان کی خدمات قال تعریف ہیں اور انہی کی قیادت میں کاٹی بزنس کمیونٹی کی خدمت کر رہی ہے۔ سلیم الزماں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے کاٹی میں کورونا ویکسی نیشن سینٹر قائم کیا جس میں اب تک روزانہ تقریباً 400 سے زائد صنعتی ملازمین اور دیگر ویکسین لگوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ویکسی نیشن کا عمل انڈسٹریل یونٹس تک پہنچائیں خاص طور پر ان یونٹس میں جہاں ملازمین کی بڑی تعداد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں ہمیں طبی عملہ کی قلت کا سامنا ہے، صوبائی وزیر کے ذریعہ وزیر اعلی سندھ سے درخواست کریں گے کہ کاٹی میں طبی عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ سلیم الزماں نے کورنگی کو کورونا فری زون بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کے تعاون سے جلد کورنگی کو کورونا فری بنائیں گے۔ صدر کا ٹی نے کہا کہ کمبائنڈ ایفلوئمنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ جوکہ انڈسٹریز کی اشد ضرورت ہے، اس کی افادیت کے پیش نظر اس کی تعمیراتی رفتار کو تیز کرتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر جلد تکمیل کی جائے۔ تقریب میں کائیٹ لمیٹڈ کے سی ای او زبیر چھایا نے کہا کہ صوبائی حکومت سے صنعتی علاقوں کی ترقی اور ڈیولپمنٹ کیلئے مسلسل رابطہ میں ہیں اور خوشی ہے کہ حکومت کاٹی کی تجاویز پر عملدرآمد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن سینٹر کیلئے حکومت سندھ ڈاکٹر کی ذمہ داریاں مختص کرے تو کاٹی کے صنعتکار ان کے اخراجات اٹھانے کیلئے تیار ہے۔ زبیر چھایا نے مزید کہا کہ ایس ایم منیر کی قیادت میں ہم نے بزنس کمیونٹی کی خدمت میں دن رات ایک کیا ہے یہی وجہ ہے کہ کاٹی کراچی کے سب سے بڑے اور اہم صنعتی علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے۔