کراچی (رپورٹ: فیصل نظیر) کراچی کے علاقے گلشنِ معمار میں ڈمپر اور موٹر سائیکل کے تصادم کے باعث 3 افراد جاں بحق جبکہ 1 شخص زخمی ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گلشنِ معمار بس اسٹاپ کے قریب تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے 2 موٹر سائیکلز پر سوار 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی میتیں اور ایک زخمی شخص کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ حادثہ سپر ہائی وے گلشنِ معمار کٹ کے قریب پیش آیا۔ حادثہ پیش آنے کے وقت 2 موٹر سائیکلز پر 4 مختلف افراد سوار تھے جنہیں ڈمپر نے ٹکر مار کر 3 افراد کی جان لے لی۔ زخمی شخص کو عباسی ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔