کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں بھٹائی رینجرز سندھ 72 ونگ کے اشتراک اور ٹاپ سٹی ون کے تعاون سے جاری یوم جناح آل کراچی ٹاپ سٹی ون انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کے ساتویں روز پول بی کے اہم میچ میں ڈسٹرکٹ ایسٹ نے سخت مقابلے کے بعد نعمان خانزادہ کی ہیٹرک کی مدد سے ڈسٹرکٹ ملیر کو 2-4 شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہچنے والی پہلی ٹیم بن گئی، فاتح ٹیم کے 3 میچ کھیل کر 9 پوائنٹس ہیں تاہم ابھی اس کا ایک میچ باقی ہے۔ نعمان خانزادہ نے ساتویں، 23ویں اور 25 ویں منٹ میں گول کرکے ہیٹرک کا اعزاز حاصل کیا، فاتح ٹیم کا چوتھا گول 56 ویں منٹ میں نوشاد علی نے کیا، ڈسٹرکٹ ملیر کے عدنان لاڈو اور ارباز ایاز نے 33 ویں اور 43 ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی۔ بہترین کھیل اور شاندار ہیٹرک پر نعمان خانزادہ کو ٹاپ سٹی مین آف دی میچ پانچ ہزار روپے کیش ایوارڈ سے نوازا گیا۔
دوسرے میچ میں ڈسٹرکٹ کیماڑی نے اندرون سندھ کو 4-9 سے شکست دیکر فائنل فور کی جانب پیش قدمی جاری رکھی، فاتح ٹیم کے علیان سلیم نے چوتھے اور 32 ویں منٹ میں، قیصر نے چھٹے اور بائیسویں منٹ، محسن نواز نے دسویں اور 16ویں منٹ میں، فہیم خان نے 57 اور 58 ویں منٹ میں دو دو گول جبکہ وسیم سلیم نے 42 ویں منٹ میں گول کئے، اندرون سندھ کے مسلم علی نے 45 اور 57ویں منٹ میں نعمان نے 26 ویں منٹ میں اور علی آفریدی نے 52 ویں منٹ میں گیند جال میں پھینک کر خسارہ کم کیا۔ میچ کے اختتام پر مہمان خاص حکومت سندھ محکمہ خزانہ کے اسٹاف آفیسر عدنان احمد نے ڈسٹرکٹ کیماڑی کے قیصر کو ٹاپ سٹی مین آف دی میچ پانچ ہزار روپے کیش ایوارڈ دیا، اس موقع پر عرفان احمد نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو کھلاڑیوں کے لئے ایک ایونٹ قرار دیا ان کا کہنا تھا کہ کے ایچ اے اور ٹاپ سٹی ون نے شاندار اور پر کشش ایونٹ کا انعقاد کرکے کراچی والوں کے دل جیت لئے ہیں، ٹورنامنٹ کے انعقاد میں بھٹائی رینجرز سندھ 72 ونگ کا کردار بھی اہم ہے۔ ٹورنامنٹ کے ساتویں روز تیسرا میچ ڈسٹرکٹ کورنگی اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کے درمیان کھیلا گیا، پہلے ہاف کے اختتام پر ڈسٹرکٹ کورنگی کو 1-3 سے برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں کورنگی نے مزید ایک گول کرکے اپنی برتری مستحکم کرلی تاہم ڈسٹرکٹ ویسٹ نے کھیل میں واپسی کی بھر پور کوشش کی لیکن دوسرے ہاف میں بھی وہ صرف ایک گول کرسکی، مقررہ وقت میں کھیل ختم ہوا تو ڈسٹرکٹ کورنگی کو 2-4 کی برتری حاصل تھی، فاتح ٹیم کے اریب ایوب نے چوتھے، پانچویں اور 37 ویں منٹ میں گول کرکے ہیٹرک کا اعزاز حاصل کیا جبکہ چوتھا گول عبدالرحمن نے کھیل کے 18 ویں منٹ میں کیا۔ شاندار ہیٹرک کے باعث اریب ایوب ٹاپ سٹی ون مین اف دی میچ پانچ ہزار روپے کیش ایوارڈ کے حقدار قرار پائے۔ سیمی فائنل کے لئے پول بی سے دوسری ٹیم کونسی ہوگی اس کا فیصلہ اج ڈسٹرکٹ کورنگی اور سندھ رینجرز کے درمیان میچ کے بعد ہوگا تاہم پول اے میں ساؤتھ، سینٹرل اور ڈسٹرکٹ کیماڑی کے درمیان سخت کشمکش جاری ہے۔