کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کمشنر کراچی اقبال میمن نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں غیر قانونی تجاوزات ہٹانے کے بعد یقینی بنائیں کہ وہ تجاوزات دوبارہ قائم نہ ہوں۔ اس سلسلہ میں مربوط اقدامات کریں۔ وہ پیر کو ڈپٹی کمشنر وسطی کے دفتر میں ضلع وسطی میں ضلع کی بہتری کے اقدامات اور مسائل کے حل کے اقدامات کا جائزہ لینے والے اجلاس کی صدار ت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر طلحہ سلیم، ایڈیشنل کمشنر ون وسیم الدین، ایڈیشنل کمشنر۔ٹو عمران راجپوت تمام اسسٹنٹ کمشنرز، سندھ بلڈنگز کنڑول اتھارٹی، انسداد پولیو کے لئے محکمہ صحت کے افسران اور ضلع کے سنیئر پولیس افسر اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تجاوزات کے کیسز سندھ انٹی اینکروچمنٹ ٹریبونل بھیجے جائیں گے، اجلاس میں منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی مہم کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر وسطی طلحہ سلیم نے بریفنگ دی انھوں نے منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی تفصیلات پیش کیں اجلاس میں پرائس کنٹرول کی کارکردگی اور کارروائی کے طریقہ کا ر کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ جرمانہ کی رسید میں بار کوڈ شامل کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع وسطی میں غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیوں کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں سے بھی آگاہ کیا انھوں نے ضلع وسطی کے اہم مسائل اور ان سے نمٹنے کی حکمت عملی کے حوالے کمشنر کراچی کو بریفینگ دی جس میں انسداد تجاوزات، گجر اور اورنگی نالہ کی تفصیلات، غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی، کوویڈ ایس او پیز اور ویکسینیشن ڈرائیو، پولیو مہم و دیگر صحت کی بہتری کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، پانی اور نکاسی آب کا انتظام پرائس کنٹرول کے حوالے سے بتایا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنر روزانہ کارروائی کر رہے ہین۔ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کاروائی کے بارے مین بتایا کہ 3 ستمبر، ڈویڑنل، ضلعی اور سب ڈویڑنل سطح پر کمیٹیاں بنائی گئیں۔ صرف زیر تعمیر یا خالی غیر قانوی عمارتوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے غیر قانونی تعمیرات کا سروے مکمل کرکے اکتوبر 2021 تک: 25 عمارتیں منہدم کی گئی ہیں۔ 77 کو سیل کر دیا گیا۔ 10 افراد گرفتار کیا گیا ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں واقع عدم توجہی کا شکار 100 پارکو ں کو متعلقہ اداروں اور نجی اور غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے بحال کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ پارکوں کی بحالی کا کام جامع منصوبہ بندی کے ساتھ کیا جائے کمشنر نے اس موقع پر عباسی شہید اسپتال اور ذیشان حیدرپارک کا دور بھی کیا۔