ہزارہ (رپورٹ: عتیق سلیمانی) صوبائی حکومت کی طرف دور دراز علاقوں میں طلباء کی مشکلات کے پیش نظر سیکنڈ شفٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اسی سلسلے میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر تورغر نے ضلعی ہیڈ کوارٹر جدبا میں سیکنڈ شفٹ کا افتتاح کیا۔ اسکول کے طلباء اور معززین علاقہ نے ڈپٹی کمشنر تورغر فواد خان کے اس اقدام کو خوب سراہا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر تورغر فواد خان کا کہنا تھا کہ تورغر کا شمار خیبرپختونخوا کے پسماندہ ترین اضلاع میں ہوتا ہے۔ یہاں خواندگی کی شرح بہت کم ہے اور تعلیم نسواں تو بلکل ناہونے کے برابر ہے۔ تورغر میں تعلیمی پسماندگی کو ختم کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ آج کا دور تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کا ہے۔ تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انھوں نےمزید کہا کہ پسماندہ اضلاع میں تعلیمی سیکٹر میں سیکنڈ شفٹ کے آغاز سے کافی حد تک تعلیمی محرومیوں کا خاتمہ ہوجائے گا اور یہ صوبائی حکومت کا ایک احسن اقدام ہے۔ اب طلباء کیلئے حائل رکاوٹیں ختم ہونگی۔ تعلیم سے محروم طلباء کیلئے اب یکساں مواقع دستیاب ہوں گے۔ افتتاحی تقریب میں عمائدین علاقہ اور سول سوسائٹی سے وابستہ افراد نے بھی شرکت کی اورصوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم کے اس اقدام کو خراج تحسین پیش کیا۔