قلات (رپورٹ: حمیر قاضی) قلات میں کورونا ویکسین مہم کا افتتاح، تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ہیلتھ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قلات میں ڈی ایچ او ڈاکٹر نصراللہ لانگو کو ویکسین لگا کر باقاعدہ کورونا ویکسین مہم کا افتتاح کیا گیا، اس موقع پر ایس پی ارباب امجد کاسی، ڈی ایس پی غلام حسین باجوی، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر اقبال نورزئی، ڈاکٹر عبدالحمید بلوچ پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر علی حسن مینگل، حاجی محمد نسیم شاہوانی و دیگر موجود تھے، اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر نصراللہ لانگو ایس ایس پی ارباب امجد کاسی نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ویکسینیشن اشد ضروری ہے دنیا بھر میں اس وائرس نے تباہی مچا دی تھی تاہم یہ خوش قسمتی ہے کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں یہ ویکسین ابتدائی طور پر فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو لگائی جارہی ہے تاکہ سب سے پہلے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو تحفظ فراہم کیا جاسکے اسکے بعد بتدریج 65 سال سے زائد عمر کے افراد اور عام لوگوں کو ویکسینیشن کی جائے گی انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ محکمہ صحت قلات کے تمام ملازمین اپنی ویکسینیشن کروارہے ہیں کیونکہ متاثرہ مریضوں کے ساتھ سب سے پہلے فرنٹ لائن ورکرز کا واسطہ پڑتا ہے فرنٹ لائن ورکرز محفوظ رہیں گے تو عوام بھی محفوظ ہونگے انہوں نے کہا کہ یہ ویکسین بے ضرر اور محفوظ ہے اس لئے ابتدائی طور پر تمام ڈاکٹرز، نرسز پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت محکمہ صحت سے وابسطہ تمام ملازمین اپنا ویکسینیشن کروالیں انہوں نے کہا کہ یہ وائرس کم ہوا ہے لیکن ختم نہیں ہوا عوام کو پہلے کی طرح حفاظتی اقدامات کرنے ہونگے ہاتھوں کو بار بار صابن سے دھویا جائے ہینڈ سینیٹائزر اور ماسک کا استعمال معمول بناکر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے اسکے علاوہ سماجی فاصلہ رکھا جائے پبلک مقامات پر بلاوجہ جانے سے گریز کیا جائے تاکہ خود کو اور دوسروں کو وائرس سے محفوظ رکھ سکیں۔