Home/اہم خبریں/وزیر اعلی سندھ قوم کی بیٹیوں کے تحفظ میں ناکام ہو گئے، قوم کی مظلوم بیٹیاں کس کے ہاتھ پہ اپنا لہو تلاش کریں؟۔ چیئرمین پی ڈی پی الطاف شکور
وزیر اعلی سندھ قوم کی بیٹیوں کے تحفظ میں ناکام ہو گئے، قوم کی مظلوم بیٹیاں کس کے ہاتھ پہ اپنا لہو تلاش کریں؟۔ چیئرمین پی ڈی پی الطاف شکور
کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ وزیر اعلی سندھ قوم کی بیٹیوں کے تحفظ میں ناکام ہوگئے ہیں۔ ان کے اپنے حلقے کی بیٹیاں وزراں چھچھر اور تانیہ خاصخیلی جان کی بازی ہار گئیں اور قاتل آج بھی دھڑلے سے آزاد گھوم رہے ہیں۔ قوم کی یہ مظلوم بیٹیاں کس کے ہاتھ پہ اپنا لہو تلاش کریں؟ خون کی لکیریں حکمرانوں کی دہلیز تک جاتی ہیں۔ جب حکمران ہی عزتوں کے لٹیرے ہوں توعوام انصاف کے لئے کس کے در پر جائیں؟ عدلیہ، مظلوموں کی آہ کا نوٹس لے اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دے۔ پاسبان نے تانیہ فیملی کا ساتھ دینے کا جو فیصلہ کیا تھا اس پر آج بھی قائم ہے۔ سندھ کی بیٹیوں کے قاتلوں کو سزا نہ ملنا اور اس معاملے میں وزیر اعلی سندھ کی عدم دلچسپی شرمناک ہے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان مین پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ ملک میں عام اور خاص آدمی کا فرق ختم کیا جائے تاکہ قوم کی ہر ماں، بیٹی اور بہن کو عزت و حرمت کا یکساں تحفظ حاصل ہو سکے۔ ایک عام مقامی باشندے کے ساتھ جو ظلم و ستم روا رکھا جاتا ہے اسے دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے ہم انگریزوں کی غلامی کے بعد وڈیروں کی غلامی میں آگئے ہیں۔ تانیہ خاصخیلی کی فیملی چار سالوں سے انصاف کی بھیک مانگ رہی ہے۔ قاتل وڈیروں کی دھمکیوں کی وجہ سے اپنا گھر چھوڑ کر دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔ ہر بار عدالت میں پیشی پر ظالم اور قاتل وڈیروں کی جانب سے کیس واپس لینے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ تانیہ کے قتل کے کیس میں نامزد تین قاتلوں میں سے دو کو ضمانت مل گئی۔ تیسرا مرکزی قاتل کی ضمانت کا فیصلہ بھی جلد ہو جائے گا۔ تانیہ خاصخیلی کا قتل کیس کھلی دہشتگردی کا کیس ہے اس کے باوجود پانچ سال گذرنے کے بعد بھی یہ کیس کورٹ میں ہی چل رہا ہے۔ پاسبان تانیہ کی فیملی کو ظلم کے خلاف ڈٹ جانے پر سلام پیش کرتی ہے اور انصاف ملنے تک اس خاندان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔