کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر): کراچی پریس کلب کی لائبریری کمیٹی کے زیرِ اہتمام اتوار کے روز اراکینِ پریس کلب اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے موہاٹہ پیلس میوزیم کا مطالعاتی و تفریحی دورہ منعقد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں اراکین نے اپنے اہلِ خانہ سمیت شرکت کی۔ دورے کا مقصد شرکاء کو کراچی کے تاریخی و ثقافتی ورثے سے روشناس کرانا اور معلوماتی سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔
دورے کے دوران شرکاء نے میوزیم میں محفوظ نایاب فن پاروں، تاریخی دستاویزات، ثقافتی نوادرات اور آرٹ کے قیمتی نمونوں کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔ میوزیم کے ماہرین نے موہاٹہ پیلس کی تاریخی، ثقافتی اور تعمیراتی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس شاندار عمارت کی تعمیر 1927ء میں مکمل ہوئی، جبکہ اس کا ڈیزائن برصغیر کے پہلے مسلمان آرکیٹیکٹ آغا احمد حسین نے تیار کیا تھا۔ شرکاء کو یہ بھی بتایا گیا کہ قیامِ پاکستان کے بعد مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح نے بھی چند برس اس عمارت میں قیام کیا، جس سے اس کی تاریخی اہمیت مزید بڑھ گئی۔
اراکینِ پریس کلب اور ان کے اہلِ خانہ نے میوزیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، تاریخی ورثے سے متعلق معلومات حاصل کیں اور یادگار لمحات کو تصاویر کی صورت میں محفوظ کیا۔ دورے کے اختتام پر شرکاء نے اس معلوماتی، تعلیمی اور تفریحی پروگرام کے کامیاب انعقاد پر کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی اور لائبریری کمیٹی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں اراکین اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے نہ صرف مثبت تفریح فراہم کرتی ہیں بلکہ نئی نسل کو قومی تاریخ، ثقافت اور ورثے سے آگاہ کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔