کراچی (نوپ نیوز) جمعیۃ علماء اسلام پی ایس-122 ضلع غربی کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس پی ایس کے امیر (مولانا) سمیع الحق سواتی کے زیر صدارت عبداللہ گبول گوٹھ گلشن معمار میں منعقد ہوا، جمعیۃ علمائے اسلام کے سینئر رہنماء مولانا ڈاکٹر نصیرالدین سواتی نے خصوصی شرکت کی، اجلاس میں جے یو آئی ضلع غربی کے زیر اہتمام 25 جنوری کو منگھو پیر روڈ پر منعقد ہونے والے ورکرزکنونشن کا خیر مقدم اور اس میں بھرپور شرکت کا فیصلہ ہوا، اجلاس میں آنے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں خصوصاً ووٹر لسٹ اندراج کے کام میں مزید تیزی لانے اور انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں جمعیۃ کے رہنماؤں نے گڈاپ اورگرد و نواح میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا، گزشتہ دنوں عبداللہ گبول گوٹھ میں ڈکیتی کے واردات میں بے گناہ امان اللہ خان کی بہیمانہ شہادت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ انتظامیہ وعدے کے مطابق درندہ صفت قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرے۔ اجلاس میں درگاہ کریم شاہ تھارو منگل کوٹھ کے قریب جے یو آئی کے مقامی رہنما امام مسجد مولانا بشیر احمد بروہی پر حملہ کرنے والوں کی بھی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ جے یو آئی رہنماؤں نے کہا کہ ڈاکو اور راہزن دن دہاڑے بلاخوف و خطر بے گناہ لوگوں کو لوٹ کر فرار ہو رہے ہیں اور انتظامیہ امن و امان قائم کرنے میں تاحال ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
اجلاس میں مرکزی سالار انجنیئر عبدالرزاق عابد لاکھو اوران کے دیگر رفقاء پر وگن تھانہ میں بلاجواز ایف آئی آر درج کرانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا جھوٹی ایف آئی آر فی الفور ختم کی جائے۔ اجلاس میں مولانا محمد خان گبول، حبیب الرحمن باجوڑی، مجمد شریف گبول، قاری طلحہ زبیر سواتی، مولانا عبدالعلیم اظہر، مولانا بختیار احمد کاکڑ، مولانا عبداللہ صافی، مولانا عبدالرحمن ترندی، حسین گبول، غلام مصطفی گبول، عیداجان، نور زمین خان، محکم خان وردگ، مولانا محمد نسیم، قاری علی محمد درویش و دیگر نے شرکت کی۔