کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے اندرون و بیرون ملک انسانیت اور انصاف کے علمبرداروں کی جانب سے جدوجہد جاری ہے۔ اس سلسلے میں عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ان کی رہائش گاہ پر ہیومین رائٹس انٹرنل فورم آف پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر ہاشم سندھیان نے وائس چیئرمین عمران شاہد اور جوائنٹ سیکریٹری سہیل عارف کے ہمراہ ملاقات کی۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عافیہ گذشتہ 18 سالوں سے انسانی اور عورتوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں سہہ رہی ہے۔ عافیہ کی فیملی کا پہلے دن سے یہ موقف رہا ہے کہ عافیہ نے کوئی جرم نہیں کیا ہے۔ الحمدللہ، عافیہ پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ثابت ہوچکے ہیں۔ امریکی عدالت میں چلائے گئے مقدمے کی شفافیت اور 86 سال کی سزا کے فیصلہ کو پاکستان اور دنیا بھر کے معروف قانون دان پہلے ہی مسترد کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے بعد دنیا بھر میں عافیہ کی رہائی کیلئے انسانیت اور انصاف کے علمبردار موثرانداز میں مہم چلا رہے ہیں۔ 13 نومبر کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں عافیہ فاﺅنڈیشن، امریکہ کے تحت ڈاکٹر عافیہ اور امام جمیل الامین کیلئے ”نیشنل ریلی“ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس موقع پرڈاکٹر ہاشم سندھیان نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے ہیومین رائٹس انٹرنل فورم کے تحت بھی پروگرامات کا سلسلہ جلد شروع کیا جائے گا۔