کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی ملیر کینٹ ایم ایم عالم روڈ پر نوجوان نے فلمی اندازمیں بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وکیل کو لوٹنے والے ڈاکو کو پکڑلیا، ساتھی کی جانب سے فائرنگ کرنے پر نوجوان نے فلمی انداز میں پکڑے ہوئے ملزم کو ہی گولی کے آگے کردیا۔ ملیر کینٹ تھانے کےعلاقے ملیر کینٹ ایم ایم عالم روڈ پر کار سوار وکیل محمد عمر کو 2 ملزمان اسلحے کے زور پر یرغمال بنانے کے بعد لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اسی دوران موقع پرموجود ایک نوجوان نے ایک ملزم کو دبوچ لیا جبکہ دوسرے ملزم نے اپنے ساتھی کو چھڑانے کے لیے نوجوان پر فائرنگ کی لیکن گولی اس کے اپنے ساتھی کو لگ گئی جس کے باعث وہ زخمی ہوگیا۔ ساتھی کو گولی لگتا دیکھ کر دوسرا ملزم موٹرسائیکل سمیت فرار ہوگیا جبکہ زخمی ملزم نوجوان سے اپنے آپ کو چھڑوانے میں کامیاب ہو گیا اور سڑک کی دوسری جانب فرار ہوگیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی جس میں ملزم اور نوجوان کو چلتی سڑک کے درمیان گتھم گتھا ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ملزم کے موٹر سائیکل سوار ساتھی نے اسلحہ نکال کر نوجوان پر گولی چلا دی لیکن نوجوان نے عقل مندی سے خود کو بچاتے ہوئے ڈاکو کے ساتھی کو ہی گولی کے آگے کر دیا جس سے وہ زخمی ہوگیا، اپنے ہی ساتھی کو گولی لگتا دیکھ کر ملزم موٹرسائیکل سمیت فرار ہوگیا۔اس حوالے سے ایس ایس پی ملیرعرفان بہادر نے بتایا کہ زخمی ملزم نے رکشہ میں سوار ہوکر ملیر معین آباد میں پہنچ کر ڈکیتی مزاحمت میں زخمی ہونے کا بہانا کیا، زخمی ملزم کو ایدھی رضاکاروں نے ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا۔ ایس ایس پی ملیرعرفان بہادر کے مطابق پولیس نے زخمی ملزم رب نواز کو جناح اسپتال پہنچ کر گرفتار کرلیا اوراس کے خلاف پرچہ درج کیا جا رہا ہے جبکہ ملزم کے ساتھی کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔