کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے زیر اہتمام اینٹی کرپشن ڈے منانے کا اہتمام کیا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے پوسٹر اور مضمون نویسی کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی نیب کے ڈائریکٹر طارق حمید بٹ تھے۔ تقریب کا آغاز رب زوالجلال کے بابرکت نام سے ہوا۔ جس کے بعد بہترین قرار دیے جانے والے اردو اور انگریزی کے مضامین پیش کیے گئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر نیب طارق حمید بٹ کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے بدعنوانی و رشوت ستانی کو زہر قرار دیا ہے، رشوت دینے اور لینے والا دونوں ہی بدعنوان ہیں۔ نیب ملک میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے سرگرم ہے اور اس سلسلے میں مفید معلوماتی سیشنز کا انعقاد بھی کررہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع کا کہنا تھا کہ اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے کا مقصد طلبا میں بدعنوانی کے خلاف شعور بیدار کرنا ہے کہ کس طرح کرپشن ہمارے معاشرے کے لیے زہر کا کام کررہی ہے۔ وقت کی ضرورت ہے کہ ہر آدمی اپنا کام ایمانداری کے ساتھ انجام دے اس طرح سے ملک خود بخود ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائے گا۔ وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ ہم یہ فیصلہ کرلیں کہ ہم میں سے کوئی بھی بدعنوانی میں حصے دار نہیں بنے گا۔ تقریب کے آخر میں اول، دوئم آنے والے طلبا میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ انگریزی مقابلہ مضمون نویسی میں پہلا انعام لیاقت کالج آف میڈیکل اینڈ ڈینٹسٹری کے طالبعلم اذہان نے حاصل کیا جبکہ اردو مقابلے میں ڈو میڈیکل کالج کی طالبہ نورالعلماء بہترین قرار پائیں۔ پوسٹر کمپی ٹیشن میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی، انسٹیٹیوٹ آف فارما سوٹیکل سائنسز کی حمیرا خان سینیئر کیٹگری میں جبکہ جے ایس ایم یو، سندھ انسٹیٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز کی اریبہ مہرو گل جونیئر کیٹگری میں اول قرار پائیں۔ کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کی روح رواں ڈاکٹر ارم بہروز نے بتایا کہ سوسائٹی کی جانب سے اس طرح کے پروگرام مستقل بنیادوں پر منعقد کیے جاتے ہیں۔
![]()