Home / اہم خبریں / چچی سے شادی کا الزام، چچی بھتیجے سمیت پانچ افراد بری 

چچی سے شادی کا الزام، چچی بھتیجے سمیت پانچ افراد بری 

ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ عثمان ولی خان نے تحصیل پروا کے علاقہ جھوک مسوخیل میں چچی سے شادی کرنے کے مشہور زمانہ مقدمہ میں گرفتار چچی بھتیجے سمیت پانچ ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے مقدمہ سے بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے، ملزمان کی جانب سے فاروق اختر ایڈوکیٹ جبکہ استغاثہ کی جانب سے احسن بلال لنگراہ ایڈوکیٹ نے اس اہم مقدمہ کی پیروی کی۔ پولیس کے مطابق پروآ کے علاقہ جھوک مسو خیل میرن کے رہائشی مہربان ولد غلام حسن قوم بلوچ نے تھانہ پروآ میں رپورٹ درج کرائی کہ سات سال قبل کی شادی ہوئی جس سے اس کی ایک بیٹی موجود ہے۔ وقوعہ کے روز اس کی بیوی 25 سالہ صغراں بی بی برابطہ آشنائی اس کے بھتیجے 24 سالہ لعل محمد ولد بشیر احمد بلوچ سکنہ ٹیکن کے ہمراہ گھر سے بھاگ گئی اور بیٹی کو بھی ساتھ لے گئی۔ اس دوران نامعلوم فون کال کے ذریعے اسے بیوی اور بیٹی کی واپسی کے لئے بارہ لاکھ روپے تاوان بھی طلب کیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے اس کی بیوی اور بھتیجے کے علاوہ مختیار حسین ولد عاشق حسین بلوچ سکنہ میرن، تاج محمد ولد نور الدین اور خان زمان ولد محمد صدیق سلیمان خیل ساکنان پنجاب کو گرفتار کرلیا۔ مستغیث کی بیوی اور بھتیجے کے علاوہ دیگر تین ملزمان ضمانت پر رہا ہوگئے۔ مقدمہ کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے 09 گواہان اور شہادتیں جبکہ وکیل صفائی کی جانب سے 02 افراد حمید اللہ سکنہ جھوک مسوخیل رمک اور عبداللہ عثمان سکنہ میرن پروا کی شہادتیں عدالت میں پیش کی گئی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ مستغیث مقدمہ نے انہیں خود بتایا ہے کہ وہ اپنی بیوی کو طلاق دے چکا ہے جس کے بعد اس کی بیوی نے اس کے بھتیجے لعل محمد سے دوسری شادی کرلی ہے۔عدالت نے مقدمہ کی سماعت مکمل کرکے تمام ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے مقدمہ سے بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

 

About admin

یہ بھی پڑھیں

کراچی میں کوالیفائر کا جوش عروج پر، ٹکٹس کی تفصیلات جاری

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 28 اپریل کو نیشنل بینک سٹیڈیم …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے