کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) تحریک لبیک پاکستان سندھ اسمبلی کے پارلیمانی لیڈر مفتی محمد قاسم فخری نے کہا ہے کہ اہل کراچی جشن عید میلاد النبی کی تیاریوں میں بھی سب سے آگے ہیں اس بار آقا مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا میلاد ایک نئے انداز میں تجدید عہد وفا کے ساتھ منایا جائے گا۔ کے الیکٹرک اس ماہ میں کم از کم اپنی کارکردگی کو درست کرے۔ وہ بلدیہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلسوں سے خطاب کر رہے تھے۔ مفتی محمد قاسم فخری نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان کے تحت بلدیہ ٹاؤن میں گھر گھر خواتین کے محفل میلاد و درود شریف کی محافل کا انعقاد نیک شگون ہے۔ مفتی محمد قاسم فخری نے کہا کہ ملک میں فتنہ یہودیوں کی حمایت کی تحریک نہ صرف نظریہ پاکستان کے منافی ہے بلکہ 1973 کے اسلامی آئین کے خلاف ایک گہری سازش ہے اسلامیان پاکستان ایسی سازشوں کا نہ صرف ڈٹ کر مقابلہ کریں گے بلکہ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کے تحفظ کیلئے سب کچھ قربان کرکے بھی محمد کے دین کو تخت پر لاکر ہی دم لیں گے، مفتی محمد قاسم فخری نے کہا کہ نگاہ عشق و مستی میں سرکار دو عالم کی ذات اقدس ہی اول وآخر ہیں پورا ملک یہودیوں اور ہندوؤں کے ایجنٹوں کے خلاف کمر بستہ ہوچکا ہے آسیہ کا فیصلہ شریعت کے مطابق نہ ہواتو ملک میں حکومت کے عید میلادالنبی کی نمائشی پروگرام حکمرانوں کو خدا کے غیض و غضب سے بچا نہیں سکیں گے۔
![]()