کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی کے مختلف علاقوں کے مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف عبداللہ کالج کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ کراچی کے علاقے بنارس، اورنگی اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی پر عبداللہ کالج کے قریب احتجاج کیا اور دھرنا دیا جس کے باعث بنارس فلائی اوور پر ٹریفک معطل ہوگیا اور درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا ان کے علاقوں میں کئی روز سے پانی کی فراہمی معطل ہے جس کی وجہ سے وہ بوند بوند کوترس گئے ہیں اور دوردراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔ احتجاج کی اطلاع پر ٹریفک پولیس اور علاقہ پولیس نے پہنچ کر صورتحال پر قابو پاتے ہوئے گاڑیوں کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا- پولیس نے مظاہرین کو بات چیت کے بعد منتشر کر کے ٹریفک بحال کرا دیا۔
![]()