لاڑکانہ میں روحانی طلبہ جماعت کے 51ویں یومِ تاسیس پر نعتیہ مقابلہ، نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم
لاڑکانہ (رپورٹ: اعزاز احمد بروہی) روحانی طلبہ جماعت پاکستان کے 51ویں یومِ تاسیس کے سلسلے میں روحانی طلبہ جماعت ضلع لاڑکانہ کے زیرِ اہتمام نعتیہ مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں سٹی لاڑکانہ کی مختلف برانچوں سے تعلق رکھنے والے ثناء خوانوں نے شرکت کی۔ مقابلے میں شرکاء نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا، جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں نقد انعامات اور تمام شرکاء میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔
![]()
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مختلف برانچوں کے ثناء خوانوں کے درمیان نعتیہ مقابلہ منعقد کیا گیا۔ مقابلے میں شریک امیدواروں کی کارکردگی کا جائزہ معزز ججز محمد مشفق شیخ طاہری اور عمران علی انصاری طاہری نے لیا۔ ججز کے فیصلے کے مطابق برانچ غفاری مرکز کے عمران علی طاہری نے پہلی، برانچ فیضانِ طاہریہ کے اویس احمد طاہری نے دوسری، جبکہ برانچ قافلہ سرائے کے عزیز الرحمٰن طاہری نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کامیاب ثناء خوانوں کو نقد انعامات دیے گئے، جبکہ مقابلے میں حصہ لینے والے تمام شرکاء کو تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔
![]()
اس موقع پر روحانی طلبہ جماعت کے سینئر رہنما ایڈووکیٹ حق نواز میمن نے تنظیم کی اہمیت، افادیت اور نوجوانوں کی تربیت میں اس کے کردار پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی بنیاد ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیشِ نظر نوجوانوں میں ایثار، رواداری، حسنِ اخلاق اور خدمتِ خلق کے جذبات کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
![]()
ایڈووکیٹ حق نواز میمن کا کہنا تھا کہ تنظیم کے قائد، فخرِ انسانیت حضرت خواجہ سجن سائیں، رنگ و نسل کے امتیاز سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت اور اعلیٰ انسانی اقدار کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روحانی طلبہ جماعت بھی اسی مشن کے تحت نوجوانوں کی دینی، اخلاقی اور فکری تربیت کے لیے سرگرمِ عمل ہے، تاکہ وہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرتی اصلاح، خدمتِ انسانیت اور پُرامن معاشرے کے قیام میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
![]()