کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور جامعہ سندھ جامشورو کے اشتراک سے کراچی کے پرل کانٹی نینٹل ہوٹل میں قومی خیرپور کھجور فیسٹیول منعقد کیا گیا جس کا افتتاح صوبائی وزیر برائے جامعات و بورڈز محمد اسماعیل راہو نے کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ایسے فیسٹیولز زراعت کے فروغ اور ترقی کے نئے مواقع فراہم کرتے ہیں سندھ سمیت پاکستان کی کھجور کو عالمی منڈی میں بہتر مقام دلانے کے لیے گریڈنگ، پیکنگ اور دیگر مراحل کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کھجور کی مختلف اقسام سے متعلق درست اعداد و شمار مرتب کرنے کے لیے تحقیق کی ضرورت ہے، جبکہ سندھ حکومت کھجور کی پیداوار، مارکیٹنگ اور تحقیق کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کرے گی۔
سندھ ایچ ای سی کے چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر ایس ایم طارق رفیع نے کہا کہ قومی خیرپور کھجور فیسٹیول کا مقصد کھجور کے لیے مارکیٹ کے مواقع بڑھانے اور تحقیق کو فروغ دینا ہے جامعہ سندھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے کہا کہ خیرپور پاکستان میں کھجور کی پیداوار کا اہم مرکز ہے اور کھجور کی برآمدات سے ملکی معیشت کو نمایاں فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے جس کے لیے سپلائی چین، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور حفاظتی اقدامات کو بہتر بنانا ضروری ہے۔ فیسٹیول میں سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے تاجروں کے 20 سے زائد اسٹالز لگائے گئے، جہاں مختلف اقسام کی کھجوریں دستکاری کی اشیاء اور کھجور سے تیار کردہ غذائی مصنوعات نمائش کے لیے پیش کی گئیں جبکہ طلبہ کی جانب سے آرٹ اور مختلف کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹالز بھی قائم کیے گئے۔