کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سیکریٹری کالج ایجوکیشن سندھ ندیم الرحمٰن میمن کی زیرصدارت محکمہ کالج ایجوکیشن کی ترقیاتی اسکیموں کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر میں جاری اور تکمیل کے قریب منصوبوں، پی سی فور مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی کی جانب سے غیر تسلی بخش قرار دی گئی اسکیموں اور زیرنظرثانی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا سیکریٹری نے سست روی کا شکار منصوبوں کی رفتار تیز کرکے انہیں مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور چیف انجینئر کو غیر تسلی بخش اسکیموں کے فوری فیلڈ وزٹس کرکے عملی صورتحال کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اجلاس میں غیر تسلی بخش قرار دی گئی اسکیموں کا دوبارہ معائنہ کرکے مسائل فوری حل کرنے مکمل ہونے کے قریب منصوبوں کو مقررہ مدت میں پایۂ تکمیل تک پہنچانے اور پی سی فور کی موجودہ صورتحال ایک ہفتے میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا مرمت و بحالی کا آئندہ کا منصوبہ بھی ایک ہفتے میں جمع کرانے، زیرنظرثانی اسکیموں کی تازہ صورتحال محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات سے حاصل کرنے اور آئندہ سال کی ضروری اسکیموں کے لیے محکمہ منصوبہ بندی سے مشاورت کی ہدایت کی گئی۔
سیکریٹری ندیم میمن نے صوبے بھر میں کی گئی پیشگی ادائیگیوں سے متعلق اسکول سائیڈ کمیٹی کی رپورٹ 30 ستمبر تک طلب کرلی انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی بے ضابطگی کے ثبوت کی صورت میں معاملہ اینٹی کرپشن کو بھجوایا جائے اور ذمہ دار افسران کو اظہارِ وجوہ کے نوٹس جاری کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر، غفلت اور سرکاری وسائل کے غیر مؤثر استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا سرکاری خزانے کے مفاد پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہوگا تمام افسران منصوبوں کی مؤثر نگرانی کارکردگی میں بہتری اور ترقیاتی اسکیموں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔