کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سیکریٹری محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ ندیم میمن کی زیر صدارت ڈائریکٹوریٹ آف کالجز حیدرآباد ریجن سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری املاک، کرایہ جاتی آمدن، تعلیمی سرگرمیوں، ملازمین کی ترقیوں، یونیفارم پالیسی اور بائیومیٹرک حاضری سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ کالج ایجوکیشن کی سٹی کلاتھ مارکیٹ حیدرآباد کی 232 دکانوں کے کرایوں کا گزشتہ 25 برس سے مؤثر جائزہ نہیں لیا گیا، جس کے باعث محکمے کو انتہائی کم آمدن حاصل ہو رہی ہے۔ اس پر سیکریٹری ندیم میمن نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسپیشل سیکریٹری کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو خط لکھ کر پرائس کمیٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے ذریعے فوری طور پر مارکیٹ ویلیو کا تعین کرانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ محکمہ کالج ایجوکیشن کی سجاول میں واقع 72 ایکڑ سرکاری زرعی اراضی سے بھی نہایت کم کرایہ وصول کیا جا رہا ہے۔ سیکریٹری ندیم میمن نے اراضی کا مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے قبضوں اور بے ضابطگیوں کی نشاندہی، ریکارڈ آف رائٹس کی جانچ پڑتال اور ڈپٹی کمشنر کو ضروری کارروائی کے لیے خط ارسال کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں گریڈ ایک تا چار کے اہل ملازمین کو جونیئر کلرک کے عہدوں پر ترقی دینے کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ تمام ترقیاں میرٹ اور ریکروٹمنٹ رولز کے مطابق کی جائیں، جبکہ تمام سرکاری کالجز کو ہر ماہ 15 اور 30 تاریخ کو دستی حاضری رپورٹس ڈی جی کالجز کے ذریعے ارسال کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔